جادھو کے خاندان سے پاکستان کا سلوک قابل مذمت : راجناتھ سنگھ

اورچھا ( مدھیہ پردیش ) ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پاکستان میں سزائے موت کا سامنا کرنے والے ہندوستانی بحریہ کے سابق افسر کلبھوشن جادھو کی والدہ اور شریک حیات کی ہراسانی پر پڑوسی ملک اور اس کے ذرائع ابلاغ کی آج سخت مذمت کی ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جادھو کے ارکان خاندان کے ساتھ پاکستان اور اس کے میڈیا کی طرف سے اختیار کردہ اہانت آمیز سلوک کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہئے ۔ مدھیہ پردیش کے ضلع ٹکم گڑھ کے مشہور رام راجا مندر میں پوجا کے لیے آمد کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوج پاکستان کی طرف سے مسلط کردہ بالواسطہ جنگ کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ۔۔