جادھو کی ماں اور بیوی کی سشما سوراج سے ملاقات

نئی دہلی۔26 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام )جاسوسی کے الزام میں پاکستان میں قید اور موت کی سزا پانے والے ہندستانی بحریہ سے ریٹائرڈ کمانڈر کلبھوشن جادھو کی ماں اونتیکا جادھو اور بیوی چیتنا جادھو نے آج یہاں وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی۔جادھو کنبہ کی دونوں خواتین آٹھ صفدر جنگ لین میں واقع سشما سوراج کی رہائش گاہ پر تقریباََ دوگھنٹے رہیں۔ اس دوران خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر اور وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار بھی وہاں موجود تھے ۔ ملاقات کے بعد دونوں خواتین جواہر لال نہر و بھون میں واقع وزارت خارجہ بھی گئیں جہاں ان کی دیگر حکام سے ملاقات ہوئی۔دونوں خواتین کل پاکستان کی راجدھانی اسلام آباد میں کمانڈر جادھو سے ملاقات کرکے واپس آئی ہیں۔ پاکستانی حکومت نے کہا تھا کہ اس کے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر ’اسلامی تعلیمات‘کی بنیاد پر جادھو سے ان کی ماں اور بیوی کو ملاقات کی اجازت دی تھی لیکن کانچ کی دیوار کے درمیان انٹرکام سے ہوئی اس ملاقات کی ہندستان میں سخت مذمت ہوئی ہے ۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان میں ہندستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی موجود تھے لیکن انہیں بھی بات چیت سننے کی اجازت نہیں دی گئی۔ تقریباََ چالیس منٹ تک چلی اس ملاقات کے دوران جادھو نے انگریزی میں بات چیت کی۔ وہ اپنی مادری زبان مراٹھی یا ہندی میں نہیں بولے ۔ سینئر وکیل ہریش سالوے کے مطابق ایسا محسوس ہورہا تھا کہ کمانڈر جادھو پاکستانی حکام کی لکھی اسکرپٹ کے حساب سے بات کررہے تھے اور غالباََ وہ نشہ آور دواؤں کے اثرات میں تھے ۔خیال رہے کہ کمانڈر جادھو کو گزشتہ برس مارچ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کے سلامتی دستوں نے مارچ 2016میں بلوچستان صوبہ سے جادھو عرف حسین مبارک پٹیل کو غیر قانونی طریقہ سے پاکستان میں داخل کرنے اور جاسوسی کے ساتھ ساتھ تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پاکستان کی فوجی عدالت نے اسی برس اپریل میں جادھو کو جاسوسی اور دہشت گردی کے الزام میں پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ ہندستان اس کی مخالفت کرتے ہوئے بین الاقوامی عدالت (آئی سے جے ) پہنچا جہاں جادھو کی پھانسی کی سزا پر روک لگا دی گئی۔ آئی سی جے میں یہ مقدمہ جاری ہے اور ہندستان کو امید ہے کہ کمانڈر جادھو کی رہائی ممکن ہوسکے گی۔