جائیداد کے تنازعہ نے ایک شخص کی جان لے لی

سوریا پیٹ۔ /21جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چودھر تالاب سوریا پیٹ میں ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی۔پولیس تفصیلات کے بموجب 45سالہ ایس سرینواس متوطن سوریا پیٹ حیدرآباد میں مقیم تھا اور اینٹ کے کاروبار سے وابستہ تھا۔ گزشتہ 23سال سے اس کے اور اس کے خاندا ن کے درمیان جائیداد کو لے کر تنازعہ چل رہا تھا۔ اس سلسلہ میں وہ 13جنوری اتوار کے دن اپنی بیوی انوشا کو لیکر سوریا پیٹ آیا اور اسی دو پہر کو باہر گیا لیکن شام تک اپنے گھر تارلہ گڈہ واپس نہیں لوٹا اور اس کا موبائیل بھی بند تھا۔ جس کی بناء پر اس کی بیوی انوشا نے ٹاؤن پولیس اسیشن پہنچ کر رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کی تلاش شروع کردی ۔دریں اثناء منگل کے دن چودھر تالاب میں نعش ملنے پر پولیس نے معائنہ کیا اور ایس ساگر کی حیثیت سے اس کی شناخت کی اور مقدمہ درج کرکے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری علاقائی ہاسپٹل منتقل کیا۔ پولیس عہدیداران انسپکٹر ٹاؤن پولیس مگلیا، نرسمہا ریڈی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ مذکورہ شخص جب اتوار کے دن دوپہر اپنے گھر سے باہر نکلا اسے بات چیت کے بہانے اغوا کرکے آٹو میں لے جاکر شدید زدوکوب کیا گیا اور زرعی جراثیم کش دوا پلاکر تالاب میں ڈال دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے قتل کے پیچھے مقتول کے چچازاد بھائی ایس کروناکر کا ہاتھ ہے اور پولیس نے تیقن دیا کہ اسے جلد پکڑ لیا جائے گا۔

سڑک حادثہ میں 30سے زائد
معمر افراد زخمی
نظام آباد: 21؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کمر پلی قومی شاہراہ گاندھی نگر کے قریب ہوئے سڑک حادثہ میں 30 سے زائد معمر افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب آرمور علاقہ کے کمر پلی، ویلپور، جکران پلی،ارگل، سرکنڈہ، بھیمگل منڈلوں سے متعلق معمر 67 افراد گھٹنوں کے درد کے علاج کیلئے کھمم ضلع کے بھدرا چلم کے موضع کلگوری کنڈہ پور جارہے تھے کہ کمر پلی کے قریب رات دیر گئے مخالف سمت سے آنے والی لاری نے ان کی ٹورسٹ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ٹورسٹ ڈرائیور یادگیری، لاری ڈرائیور، کلینر سندر رائو کے علاوہ 30 معمر افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاع کے ملتے ہی پولیس کمر پلی نے حالات کا جائزہ لیا اور زخمیوں کو سرکاری دواخانہ کریم نگر جگتیال منتقل کیا۔