حیدرآباد /13 جنوری ( سیاست نیوز ) مشیرآباد پولیس نے باکارم قتل کیس کو حل کرتے ہوئے مقتول کی بیوی اس کے آشنا اور تین کرایہ کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سنٹرل زون مسٹر کملاسن ریڈی کے مطابق 40 سالہ خاتون ماری شٹی جیا راجہ کما کماری اس کے آشنا نریش کمار 26 سال اور تین کرایہ کے قاتل 24 سالہ بالراج 22 سالہ راجو اور 30 سالہ شیخ غوث ساکنان ملاپور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈی ایس پی سنٹرل زون کے مطابق ڈسمبر کے مہینے میں پولیس نے باکارم علاقہ کے ایک مکان سے 41 سالہ سشیل چکرورتی کی نعش کو برآمد کیا تھا جو انتہائی مسخ شدہ حالت میں پائی گئی تھی۔ پولیس نے اس وقت قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ پولیس کے مطابق کسماکماری اپنے شوہر کی جائیداد کو ہڑپنا چاہتی تھی حالانکہ وہ اپنے شوہر سے علحدہ رہنے لگی تھی تاہم آشنا اور اپنی زندگی کیلئے شوہر کی دولت حاصل کرنا اس کیلئے ضروری تھا اور اس نے شوہر کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا کماری اور چکرورتی کی شادی 1996 میں ہوئی تھی اور اس کے دو بچے تھے سال 2012 میں کسما کماری نے شوہر سے علحدہ رہنے لگی تھی اور علحدگی کے چند ماہ بعد اس نے بی ٹیک طالب علم نریش سے ناجائز تعلقات قائم کرلئے تھے ۔16 ڈسمبر 2014 کو آشنا اور داشتہ نے قتل کا منصوبہ تیار کیا اور 19 ڈسمبر کے دن بالراج نامی شخص کو دو لاکھ روپئے ادا کئے گئے 20 ڈسمبر کے دن مقتول کی بیوی کا آشنا اور دیگر تین کرایہ کے قاتل چکرورتی کے مکان پہونچے اور اس کے تعلق سے دریافت کیا اور قتل کے بعد فرار ہوگئے ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کمیروں کی مدد سے پہلے موٹر سائیکلوں کے ذریعہ ان قاتلوں کا پتہ کیا اور انہیں گرفتار کرلیا ۔ اس کارروائی میں انسپکٹر مشیرآباد مسٹر راموہن اور ایڈیشنل انسپکٹر حسیب اللہ نے اہم رول ادا کیا ۔