جائیداد ٹیکس میں کمی اور تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کی سہولت

حیدرآباد۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز)  حکومت تلنگانہ نے اپنے تیقن کی روشنی میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں مقیم عوام کیلئے جائیداد ٹیکس میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ احکامات جاری کئے گئے جس کی روشنی میں 1200 روپئے جائیداد ٹیکس ادا کرنے والے مالکین مکان کو اب صرف 101 روپئے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت تلنگانہ نے چند دن قبل ہی برقی اور نلوں کے بل بقایاجات کو معاف کرنے کا اعلان کیا، لیکن  احکامات جاری نہیں کئے گئے تھے لہذا کونسل انتخابات کے پیش نظر نافذ کردہ الیکشن کوڈ کا اختتام ہوچکا ہے اور اس طرح حکومت اس سلسلے میں بھی بہت جلد برقی اور نل کے بلوں کے بقایاجات معاف کرنے سے متعلق احکامات جاری کرے گی۔ اسی دوران حکومت نے تلنگانہ بشمول گریٹر حیدرآباد حدود میں تعمیر کردہ غیرمجاز تعمیرات کے علاوہ اراضیات کے غیرمجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی مدت میں بھی ایک ماہ کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں آج شب دو علیحدہ علیحدہ جی اوز جاری کئے گئے۔ اس طرح اب مذکورہ غیرمجاز تعمیرات و اراضیات کے غیرمجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کیلئے درخواستیں 31 جنوری 2016ء تک پیش کرنے کی مہلت دی گئی ہے جبکہ سابق میں دی گئی مہلت آج 31 ڈسمبر کو ختم ہوگئی۔