جائیداد ٹیکس میں رعایت سے 352 کروڑ کی وصولی

جی ایچ ایم سی کی اسکیم سے ٹیکس وصولی کا ایک نیا ریکارڈ

حیدرآباد۔30اپریل (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے 5فیصد رعایت کے ساتھ جائیداد ٹیکس وصولی کی مہم کے دوران 352کروڑ روپئے وصول کئے۔ جی ایچ ایم سی نے جاریہ ماہ کے دوران شروع کی گئی اسکیم کے دوران اندرون ایک ماہ 352کروڑ روپئے وصول کئے ہیں جو بلدیہ کی ٹیکس وصولی میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ جائیداد ٹیکس کی وصولی میں اب کوئی رعایت نہیں دی جائے گی بلکہ 2مئی سے جائیداد ٹیکس وصولی میں شدت پیدا کرتے ہوئے بقایاجات کی وصولی کی مہم چلائی جائے گی۔ کمشنرمجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے اسکیم کے تحت جائیداد ٹیکس کی وصولی کا ریکارڈ بنانے پر اپنے ماتحتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 5فیصد رعایت کے ساتھ ٹیکس کی وصولی کے بعد اب ٹیکس نا دہندگان کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے مطابق جی ایچ ایم سی کی جانب سے شروع کردہ اس اسکیم کے آخری وقت تک جو رقومات موصول ہوئی ہیں اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بلدیہ کو شہر کے عوام کا زبردست تعاون حاصل ہے اور عوام نے اس اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔ دونوں شہروں کے علاوہ بلدی حدود میں چلائی گئی اس مہم کا 30اپریل کی نصف شب کو اختتام عمل میںآیا اور اس مہم میں بیشتر لوگوں نے آن لائن کے علاوہ مراکز شہری خدمات کے ذریعہ جائیداد ٹیکس ادا کئے ۔ جی ایچ ایم سی کے منصوبہ کے مطابق جائیداد ٹیکس بقایاجات کی وصولی کیلئے شروع کی جانے والی مہم کے دوران بھاری بقایات جات رکھنے والوں کے خلاف کاروائی کے ساتھ ان کے ناموں کے انکشاف کے متعلق غور کیا جا رہاہے تاکہ وہ خود اپنے طور پر جائیداد ٹیکس ادا کرنے کے لئے راضی ہو جائیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں شہرو ںمیں 2مئی سے ہی جائیداد ٹیکس کی وصولی کیلئے مہم میں شدت پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت جاری کی جائے گی کہ وہ تجارتی مراکز کے جائیداد ٹیکس کے بقایا جات کی عدم ادائیگی کی صورت میں ان تجارتی مراکز کو مقفل یا مہر بند کردیں اور ان کے تجارتی لائسنس کی منسوخی کے سلسلہ میں اقدامات کو ممکن بنائیں۔کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے جائیداد ٹیکس وصولی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں اور کمشنر کی ستائش کی اور اس مہم کو مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت دی۔