جائیداد متاثرین کیساتھ آج میئر جی ایچ ایم سی کی ملاقات

قانونی رکاوٹوں کو ختم کرنے کی کوشش ، عوام کو دستاویزات کیساتھ رجوع ہونے کا مشورہ
حیدرآباد۔ 31 اگست (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں سڑکوں کی توسیع کے ادھورے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے یکم ستمبر کو جائیداد متاثرین کے ہمراہ 3 تا 5 بجے میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جناب ماجد حسین دیگر عہدیداروں کیساتھ ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل بروقت حل کرنے کے اقدامات کریں گے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں سڑکوں کی توسیع کے کام، جائیداد متاثرین کی جانب سے پیدا کردہ رکاوٹوں کے علاوہ توسیع کے ضمن میں جن لوگوں کی جائیدادیں متاثر ہورہی ہیں، ان لوگوں کے ساتھ عہدیداروں کے عدم تعاون کے سبب پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دُور کرنے کیلئے یہ اقدام کیا جارہا ہے۔ جن لوگوں کی جائیدادیں سڑک کی توسیع سے متاثر ہورہی ہیں، اور وہ اپنے مسائل کے حل کے ذریعہ سڑک کی توسیع میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرنے میں معاونت کرنا چاہتے ہیں، وہ یکم ستمبر کو راست میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جناب ماجد حسین سے 3 تا 5 بجے ملاقات کرسکتے ہیں۔ میئر نے بتایا کہ کئی مقدمات و معاملات کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا اندازہ لگایا گیا ہے کہ جن لوگوں کی جائیدادیں قانون حق حصول اراضی کے تحت حاصل کی جارہی ہیں، وہ بلدیہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولتوں سے استفادہ کے متحمل قرار نہیں پا رہے ہیں جس کی وجہ سے قانونی رسہ کشی کا سلسلہ شروع ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے تمام معاملات کے آپسی اِفہام و تفہیم کے ذریعہ حل تلاش کرنے کی غرض سے یہ اقدام کیا جارہا ہے۔ میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جن کی جائیدادیں متاثر ہورہی ہیں، ان تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنے مقدمات کے علاوہ دیگر دستاویزات کے ساتھ رجوع ہوں تاکہ مسئلہ کے حل کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے، چونکہ سڑکوں کی توسیع کا مسئلہ عوامی مفاد کے لئے ہے اور سڑکوں کی توسیع کے کام کاج مفلوج ہونے کے باعث ترقیاتی کاموں کی رفتار ٹھپ ہوتی جارہی ہے۔