جئے وردھنے کی ڈبل سنچری ، بنگلہ دیش کو اننگز شکست کا خطرہ

ڈھاکہ ۔ 29 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کھلاڑی مہیلا جئے وردھنے کی ساتویں ڈبل سنچری کی بدولت سری لنکا نے یہاں شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز 730/6 رنز پر ڈکلیر کرتے ہوئے میزبان ٹیم کی دوسری اننگز میں صرف 35 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ بھی حاصل کرلی ہے ۔ جئے وردھنے 16 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 203 ناٹ آؤٹ رنز جبکہ لوور آرڈر میں کیتھورون وینگے نے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ہے ۔ بنگلہ دیش کے لئے شکیب الحسن نے 159 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز کا آغاز ناقص رہا جیسا کہ 15 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 18 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنانے کے بعد ہیراتھ کی گیند پر پریرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر شمس الرحمن 22 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 9 اور مارشل ایوب 14 گیندوں میں 11رنز بناکر وکٹ پر موجود رہے۔ بنگلہ دیش کو پہلے ٹسٹ میں اننگز شکست سے محفوظ رہنے کیلئے ہنوز 463 رنز بنانے ہیں اور اسے مقابلے میں مکمل 2 دنوں تک بیٹنگ کرنی ہے چونکہ وہ پہلی اننگز میں صرف 232 رنز ہی بنا پائی ہے ۔

دو بیڈمٹن کھلاڑیوں پر ایک سالہ پابندی
سیول۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن نے جنوبی کوریا کے دو بیڈمٹن کھلاڑیوں لی ینگ ڈی اورکم کی جنگ پر ایک سال کیلئے پابندی عائد کردی ہے۔ دونوں کھلاڑی رواں سال ہونے والے ایشین گیمس میں ٹیم کی نمائندگی کرنے سے محروم رہیں گے۔ فیڈریشن کے مطابق کم کی جنگ اورلی ینگ ڈی کے ڈوپنگ ٹسٹ مثبت آئے ہیں جس کی وجہ دونوں کھلاڑیوں پر پابندی لگادی گئی ہے۔ بی ڈیبلوایف اینٹی ڈوپنک قوانین کے تحت دونوں کھلاڑیوں نے گیمس کے دوران ممنوعہ اداویات استعمال کرکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔