جئے وردھنے کی سنچری‘سری لنکا کو 153رنز کی سبقت

دبئی۔9جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بیٹسمین مہیلا جئے وردھنے کی ٹسٹ کریئر میں 32ویں سنچری کی بدولت یہاں پاکستان کے خلاف کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 153رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ جب کھیل کا اختتام ہوا تب سری لنکا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 318رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ جئے وردھنے نے 230گیندوں میں 12چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 106رنز اسکور کرلئے ہیں جب کہ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین انجیلو میتھوز ہیں جنہوں نے 84گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 42رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ قبل ازیں سری لنکا نے اپنے کل کے اسکور 57/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا ‘ تاہم اوپنر سلوا پانچ رنوں کی کمی سے سنچری بنانے سے محروم رہے ۔ سلوا نے 221گیندوں میں 10چوکوں کی مدد سے 95رنز بنائے۔ پاکستانی بولروں نے آج پہلی کامیابی75رنز کے مجموعی اسکور پر اُس وقت حاصل کی

جب کمارا سنگا کارا کو راحت علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا ۔ سنگاکارا نے 36گیندوں میں 26رنز بنائے جس میں چار چوکے شامل ہیں ۔ 88کے مجموعی اسکور پر جنید خان نے چنڈیمل کو راحت علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواتے ہوئے پاکستان کو تیسری کامیابی دلوائی ۔ چنڈیمل نے 23گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 12رنز اسکور کئے ۔ چوتھی وکٹ کے حصول کیلئے پاکستانی بولروں کو سخت جدوجہد کرنی پڑی کیونکہ 227رنز کے مجموعی اسکور پر سلوا کو محمد حفیظ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرتے ہوئے ان کے اور جئے وردھنے کے درمیان بننے والی 139رنز کی پارٹنرشپ کو توڑا ۔ پانچویں وکٹ کیلئے جئے وردھنے اور میتھوز نے تاحال 91رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ بنالی ہے۔پاکستان کیلئے جنید خان نے دو ‘ راحت اور محمد حفیظ نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔