کولمبو 15 ؍ ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد شدنی ورلڈ کپ 2015 کے بعد ونڈے کرکٹ سے سبکدوش ہونے والے سری لنکائی سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین مہیلا جئے وردھنے کا کل انگلینڈ کے خلاف سیریز کا ساتواں مقابلہ اپنے وطن میں کیریئر کا آخری ونڈے ہوگا ۔ 37 سالہ جئے وردھنے نے آج صبح ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کے بعد سماجی رابطہ کے بیان میں کہا ہے کہ آج جب میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ آخری نٹ پریکٹس کے لئے گیا تھا تو میں اس وقت سے کافی لطف اندوز ہوا ۔ دوسری جانب ان کے ساتھی کھلاری کمارا سنگاکارا کا بھی اپنے وطن میں یہ آخری ونڈے ہوگا کیونکہ وہ بھی ورلڈ کپ کے بعد 50 اوورس کی کرکٹ سے سبکدوش ہو رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں جئے وردھنے پہلے ہی اگسٹ میں ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہوچکے ہیں اور اب 14 فبروری کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد وہ ونڈے سے بھی سبکدوش ہوجائیں گے ۔ جے وردھنے نے انگلینڈ کے خلاف رواں سیریز میں دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وطن میں اپنے کیریئر کے آخری مقابلہ میں یادگار کارکردگی دیکھائیں ۔