کولمبو ۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کے بعد ونڈے کرکٹ سے سبکدوش ہورہے سری لنکائی ٹیم کے سینئر اور سابق کپتان مہیلا جئے وردھنے اور کمارا سنگاکارا اپنے وطن میں کھیلے جانے والے کریئر کے آخری مقابلہ میں یادگار مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے جیسا کہ انگلینڈ کے خلاف رواں سیریز کے ساتویں مقابلہ میں جئے وردھنے نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 22 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 28 رنز اسکور کئے جبکہ نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے کمارا سنگاکارا نے 50 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ دریں اثناء اوپنر تلک رتنے دلشان نے 124 گیندوں میں 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 101 رنز اسکور کئے۔ علاوہ ازیں چنڈی مل (55) اور پریرا (54) رنز نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 302/6 تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ پریرا نے صرف 26 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز رفتار 54 رنز اسکور کئے۔ انگلینڈ کیلئے جارڈن نے 55 رنز اور معین علی نے 39 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مقامی شائقین اپنے سابق کپتانوں اور سینئر بیٹسمینوں جئے وردھنے اور سنگاکارا سے وطن میں ایک بہتر مظاہرہ کی امید کررہے تھے تاہم انہیں آج کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں مایوسی ہوئی۔