جئے للیتا کی درخواست ضمانت کی سماعت 6 اکٹوبر تک ملتوی

بنگلور 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) فوجداری نظر ثانی درخواست جو سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو جے جئے للیتا نے ان کی سزا پر حکم التواء جاری کرنے اور ضمانت پر رہائی منظور کرنے کیلئے پیش کی تھی۔ اس کی سماعت کرناٹک ہائی کورٹ کے تعطیلات بنچ کے جج نے 6 اکٹوبر تک ملتوی کردی۔ نظر ثانی درخواست سماعت کیلئے قبول کرنے کے بعد جسٹس رتنا کلا نے اس کی سماعت 6 اکٹوبر کو مقرر کی جبکہ ہائی کورٹ کی باقاعدہ بنچ ایک ہفتہ کی دسہرہ تعطیلات کے بعد کام شروع کرے گی۔ ہفتہ کے دن خصوصی عدالت نے جئے للیتا کو 66 کروڑ روپئے مالیتی غیر متناسب اثاثہ جات کے مقدمہ میں چار سال کی قید سادہ اور 100 کروڑ روپئے جرمانہ عائد کیا تھا۔ سینئر قانون داں رام جیٹھ ملانی اس مقدمہ میں جئے للیتا کی پیروی کررہے ہیں۔ انہوں نے جئے للیتا کو عبوری راحت رسانی فورا فراہم کرنے کی درخواست کی کیونکہ سزائے قید کی مدت 20 سال سے کم ہے اور جئے للیتا ضمانت پر رہائی کی مستحق ہے۔