کراچی۔2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی پر کوچ صبیح اظہر کی رپورٹ سامنے آئی جس میں انہوں نے مسلسل ناکامیوںکیلئے کپتان اور منیجر کو مورد الزام ٹھہرایا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول ہونے والی چودہ صفحات پر مشتمل رپورٹ میں ٹیم کی کوچنگ کرنے والے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر صبیح اظہر نے متعدد الزامات کے ساتھ ہی ٹیم کی بہتری کیلئے مشورے اور تجاویز بھی دی ہیں اور اسکواڈ میں شامل زائد العمر کھلاڑیوں کو برطرف کرنے کے علاوہ نئے منیجر کے تقرر کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے ۔کوچ کے مطابق کپتان ثناء میر کی منفی طرز رسائی اور خود ستائشی طرز عمل کی وجہ سے ٹیم کو متواتر شکستوں کا سامنا رہا جن کو ٹیم کی بجائے اپنی ذاتی کارکردگی کی زیادہ فکر رہتی تھی جبکہ منیجر کی توجہ بھی محض سینئر کھلاڑیوں پر تھی۔ ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر کے بعد ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے بھی اپنی چودہ صفحات کی تفصیلی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ میں جمع کروادی ہے جبکہ کپتان ثناء میر کی رپورٹ کا ہنوز انتظار کیا جا رہا ہے جو پی سی بی کو نہیں مل سکی ہے ۔
پیرس کو اولمپکس کی میزبانی دینے کا فیصلہ
پیرس۔2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )فرانس کے دارالحکومت پیرس کو 2024 اولمپکس کی میزبانی دینے کا فیصلہ کرلیاگیا۔تاہم اس کا باضابطہ اعلان 13 ستمبر کو لیما میں آئی اوسی کانگریس میں ارکان کی منظوری کے بعد ممکن ہوسکے گا۔پیرس اس سے قبل 1992، 2008 اور2012میں گیمز کی میزبانی کے امیدواروں میں شامل رہا لیکن تینوں مرتبہ اسے ناکامی ہوئی۔ان گیمز میں کرکٹ کی شمولیت بھی متوقع ہے۔