نئی دہلی۔29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق جارحانہ اوپنر وریندر سہواگ جب کرکٹ کھیلتے تھے تو اپنی تیز رفتار بیٹنگ کی وجہ سے مشہور تھے لیکن کرکٹ سے سبکدوشی کے بعد وہ ان دنوں ٹوئٹر پیغامات کی وجہ سے آئے دن سرخیوں میں جگہ بنارہے ہیں۔ آج انہوں نے پاکستانی سابق اسپنر ثقلین مشتاق کی سالگرہ پر انہیں انوکھے انداز میں مبارکباد دی۔ دورۂ پاکستان کے موقع پر جب سہواگ نے ٹسٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے پہلے ہندوستانی ہونے کی اعزاز اس وقت حاصل کیا تھا جب انہوں نے ثقلین کی گیند پر چھکا لگایا تھا۔ اسی ویڈیو کے ساتھ سہواگ نے پاکستانی بولر کو سالگرہ کی مبارکباد ارسال کی۔ ثقلین نے بھی سہواگ کے اس ویڈیو کا اچھے انداز میں جواب دیتے ہوئے ان کی مبارکباد پر اظہار تشکر کیا۔ یاد رہے سہواگ کو ٹسٹ کرکٹ میں ہندوستان کے لئے دو مرتبہ ٹرپل سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔