ثانیہ ‘ بھوپنا اور پیس آسٹریلین اوپن سے باہر

ملبورن۔24جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین اوپن میں ہندوستان کیلئے مایوس کن دن ثابت ہوا ہے جیسا کہ ثانیہ مرزا‘ روہن بوپنا اور لینڈر پیس کو مختلف زمروں میں ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے اور اب اس طرح آسٹریلین اوپن میں ہندوستانی امیدیں مکسڈ ڈبلز مقابلوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے ۔ ثانیہ مرزا جو کہ حالیہ دنوں میں اپنے کریئر میں بہترین مقام حاصل کرتے ہوئے دنیا کی پانچویں جوڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا انہیں چینی تائی پائی کھلاڑی سووی شی کے ہمراہ حریف جوڑی گیبریلا ڈبروسکی اور الکجا روسولسکا کے خلاف 6-7‘4-6کی شکست برداشت کنی پڑی۔ ثانیہ مرزا کو مکسڈ ڈبلز میں کامیابی حاصل ہوئی جیسا کہ وہ اور ان کے برازیلی کھلاڑی برونو سوریز نے ٹیمیا بابوز اور ایرک بوٹوراک کو 6-1‘ 4-6(10-3) سے شکست دی۔ مرد زمرے کے ڈبلز مقابلوں میں روہن بوپنا اور ان کے ساتھی کھلاڑی ڈینیل نسٹر کو فلیشیانو لوپیز اور میکس میرین ای کے خلاف 5-7‘ 3-6کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار لینڈر پیس کیلئے بھی آج کا دن مایوس کن رہا جیسا کہ انہیں اپنے جنوبی افریقی ساتھی کھلاڑی راون کلاسن کے ہمراہ اطالوی جوڑی سیمون بولیلی اور فابیو فوگنینی کے خلاف سخت مقابلے میں 6-2‘ 4-6‘ 1-6کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ پیس جوڑی نے مقابلے کا شاندارآغاز کرتے ہوئے پہلا سیٹ بہ آسانی 6-2سے اپنے نام کرلیا تھا لیکن دوسرے سیٹ کے ساتھ ہی ان کے مظاہروں کا معیار بھی گرتا گیا ۔ علاوہ ازیں ثانیہ مرزا اور ان کے ساتھی کھلاڑی جنہوں نے پہلے مرحلے کے مقابلے میں بہ آسانی کامیابی حاصل کی تھی لیکن دوسرے مقابلے میں یہ جوڑی بہتر مظاہرہ کا اعادہ نہیں کرسکی ۔ ایک اور ہندوستانی ٹینس اسٹار مہیش بھوپتی اور ان کے ساتھی کھلاڑی جارجن ملزر کو پہلے ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا ۔