گوانک ژھو۔ 26 ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی سوئیس ساجھیدار مارٹینا ہنگس کے ساتھ ڈبلیو ٹی اے گوانگ ژھو اوپن جیت لیا ۔ ثانیہ اور ہنگس پر مشتمل ہند ۔ سوئیس جوڑی نے گوانگ ژھو اوپن کے فائنل مقابلہ میں چین کی جوڑی کو شکست دکر رواں سیزن کے ایک اور ٹائیٹل پر اپنا قبضہ کرلیا۔ عالمی سطح پر پہلے مقام کی حامل ثانیہ ۔ ہنگس جوڑی نے چین کی سرکردہ جوڑی جس کو عالمی سطح پر کوئی مقام حاصل نہیں تھا فائنل میں 6-1، 6-3 سے شکست دی ۔ ان دونوں نے زو شیلین اور یو زیائیوڈی کو فائنل میں شکست دیتے ہوئے لگاتار دوسری مرتبہ ڈبلیو ٹی اے ٹائیٹل بھی جیتا ہے ۔ 2015 ء میں ثانیہ کی یہ ساتویں اور ہنگس کی چھٹویں کامیابی تھی ۔ ثانیہ اور ہنگس نے مارچ میں اپنی جوری بنانے کے بعد 12 ویں مشترکہ کامیابی حاصل کی ہے ۔ قبل ازیں ویمنس ڈبلس یو ایس اوپن کی فاتح اس جوڑی نے اسرائیل کی جولیہ گلوشکو اور سویڈین کی رییکاپیٹرسن پر مشتمل حریف جوڑی کو 250,000 امریکی ڈالرس انعامی سیمی فائنل میں 6-3,6-4 سے شکست دی۔ ثانیہ اور ہنگس نے ایک گھنٹہ 11 منٹ کے اس میچ میں دو مرتبہ اپنی سرویس سے محروم ہوئیں اور پانچ بریک پوائنٹس تبدیل کیں۔ ثانیہ ٹینس کے رواں سیزن میں اپنی جوڑی دار ہنگس کے ساتھ تاحال پانچ ٹائیٹلس جیت چکی ہیں۔ جن میں یو ایس اوپن کے علاوہ ومبلڈن بھی شامل ہے۔ ثانیہ سیزن 2015 ء کا ٹائیٹل سڈنی میں بیتھائن مائک سینڈس کے ساتھ حاصل کی تھیں۔