ثانیہ ۔ ہنگس نے ڈبلیو ٹی اے ڈبلز خطاب جیت لیا

شاندار مظاہرہ کا سلسلہ جاری ۔ٹاپ سیڈ جوڑی کو سال رواں کا 9 واں ڈبلز خطاب
سنگاپور ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی ثانیہ مرزا نے اپنی پارٹنر مارٹینا ہنگس کے ساتھ جاریہ سال کا نواں خطاب جیت لیا ہے ۔ ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی نے اسپین کی گیبرین مگوروزا اور کارلا سواریز نوارو کی جوڑی کو فائنل میں شکست دیتے ہوئے ڈبلیو ٹی اے ڈبلز خطاب جیت لیا ہے ۔ ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی نے فائنل مقابلہ 6 – 0, 6 – 3 سے جیت لیا ۔ ٹاپ سیڈ جوڑی کا جاریہ سال یہ نواں ڈبلز خطاب تھا ۔ ثانیہ اور ہنگس نے اپنی مخالف اسپینی جوڑی کو ہر شعبہ میں مات دیتے ہوئے پورے میچ پر اپنی گرفت بنائے رکھی ۔ پہلا سیٹ اس جوڑی نے 6 – 0  سے جیت لیا تھا ۔

تاہم دوسرے سیٹ میں مخالف جوڑی نے قدرے سنبھلنے کی کوشش کی لیکن وہ میچ کے نتیجہ پر اثر انداز نہیں ہوسکے ۔ ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی کو کل ہی عالمی سطح پر نمبر ایک ڈبلز رینکنگ حاصل ہوئی ہے جو انہوں نے فائنل میں کامیابی کے ذریعہ برقرار بھی رکھی ہے ۔ فائنل میں ثانیہ ۔ ہنگس کی جوڑی کی صرف ایک سرویس بریک ہوئی جبکہ اس جوڑی نے مخالف جوڑی کی پانچ سرویس بریک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ۔ اس ٹورنمنٹ میں ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی کو ایک سیٹ میں بھی شکست نہیں ہوئی ۔ اس جوڑی نے اب تک بی این پی پریباس اوپن ‘ انڈین ویلس ‘ میامی اوپن ‘ فیملی سرکل کپ ۔ چارلسٹن ‘ ڈونگفینگ موٹر وہن اوپن ‘ چائنا اوپن ( بیجنگ ) اور ایک گوانزہو انٹرنیشنل وومنس اوپن کے خطاب جیت لئے ہیں۔ اب تک اس جوڑی کو لگاتار 22 میچس میں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ میچ کے بعد ہنگس نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ ایک بہترین دن تھا ۔ ثانیہ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ۔ وہ سارے میچ پر چھائی رہیں۔