ثانیہ ۔ کارا جوڑی کی پرتگال اوپن فائنل میں رسائی

اویراس (پرتگال) ، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ثانیہ مرزا اپنی ڈبلز پارٹنر کارا بلیک کے ساتھ پرتگال اوپن کے فائنلس میں داخل ہوگئیں جس کیلئے یہاں تھرڈ سیڈ امریکی جوڑی لیزل ہوبر اور لیزا ریمنڈ کو سیدھے سٹ کی شکست دی گئی۔ اپنے شاندار ردھم کو برقرار رکھتے ہوئے ثانیہ اور کارا کی ٹاپ سیڈ جوڑی نے ایک گھنٹہ اور 14 منٹ میں اپنے امریکی حریفوں کو 250,000 امریکی ڈالر والے کلے کورٹ ایونٹ میں 6-4، 6-3 سے ہرا دیا۔ پہلے سٹ میں ہند۔ زمبابوے جوڑی کچھ حد تک دقت میں دکھائی دی جیسا کہ وہ انھیں حاصل ہونے والے آٹھ کے منجملہ صرف تین بریک پوائنٹس ہی جیت سکے لیکن وہ کسی طرح اپنے اوسان قابو میں رکھتے ہوئے یہ سٹ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ سکنڈ سٹ میں سرویس پر دو فیصلہ کن بریکس نے ثانیہ اور کارا کو یہ میچ بہ آسانی اپنے حق میں کرلینے کے قابل بنا دیا۔ وہ اب فائنل میں ایوا ہردینوا اور ولیریا سولویوا کا سامنا کریں گے۔