سنگاپور 26 اکٹوبر( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی ثانیہ مرزا اور ان کی زمبابوے کی پارٹنر کارا بلیک نے سیزن کے آخری ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور خطاب جیتا ہے ۔ اس جوڑی کا یہ جاریہ سیزن کا آخری ٹورنمنٹ تھا ۔ ثانیہ اور کارا بلیک نے ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ کے فائنل میں تائیپی کی سو وئی ہسیہ اور چین کی شوائی پینگ کی جوڑی کو خطابی مقابلہ میں صرف ایک گھنٹہ میں 6 – 1, 6 – 0 سے شکست دے کر خطاب حاصل کرلیا ۔ یہ میچ پوری طرح یکطرفہ ثابت ہوا جبکہ چین ۔ تائیپی کی جوڑی اس میں کہیں بھی مزاحمت نہیںکرسکی اور ثانیہ و کارا بلیک کی جوڑی پوری طرح میچ پر حاوی رہی ۔ اس جوڑی نے پورے میچ میں اپنی مخالف جوڑی کو ایک بھی بریک پوائنٹ نہیں دیا ۔ ہندوستانی و زمبابوے کھلاڑیوں کی یہ جوڑی اس ٹورنمنٹ کے بعد ختم ہوجائیگی ۔ اس جوڑی نے مخالف جوڑی کی سرویس ابتادئی سیٹ میںتین مرتبہ بریک کی اور اپنی پہلی ہی سرویس سے اپنے غلبہ کو ظاہر کرنا شروع کردیا تھا ۔ ثانیہ اور کارا کی جوڑی دوسرے سیٹ میںبھی اسی طرح پر اعتماد رہی اور اس سیٹ میں بھی مخالف جوڑی کی سرویس تین مرتبہ بریک کی اور انہیں سنبھلنے کا موقع دئے بغیر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے خطاب جیت لیا ۔