ثانیہ ۔ پئیس مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں مد مقابل

ملبورن 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ثانیہ مرزا آسٹریلین اوپن میں یہاں وومنس ڈبلز کے سیمی فائنلس میں داخل ہوگئی ہیں جبکہ مکسڈ ڈبلز کے مقابلوں میں وہ کوارٹر فائنل میں پہونچ گئی ہیں اور یہاں ان کا مقابلہ لینڈر پئیس کی جوڑی سے ہوگا ۔ دونوں ہی اپنے اپنے پارٹنرس کے ساتھ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرچکے ہیں۔ ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے وومنس ڈبلز میں کوارٹر فائنل مقابلہ میں 12 ویں نمبر سیڈ جرمن ۔ امریکن جوڑی انا ۔ لینا گروئن فیلڈ اور کوکو وانڈے ویگھ کو 6 – 2, 6 – 4, 6 – 1 سے شکست دیدی ۔ اس جوڑی نے اب تک مسلسل کامیابیوں کا ایک ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ سیمی فائنل میں گاس جوڑی کا مقابلہ جرمن ۔ چیک جمہوریہ کی جوڑی جولیا جارجس اور کیرولینا پلیسکوا سے ہوگا ۔ بعد ازاں ثانیہ مرزا اور اس کے مکسڈ ڈبلز پارٹنر کروشیا کے ایوان ڈوڈگ نے قزاقستان اور پاکستان کی جوڑی یاروسلاوا شویڈوا اور اعصام الحق قریشی کو مکسڈ ڈبلز میں 7 – 5, 6 – 2 سے شکست دیدی ۔ دوسری جانب پئیس اور ثانیہ کی وومنس ڈبلز پارٹنر مارٹینا ہنگس نے مکسڈ ڈبلز میں امریکہ اور ہالینڈ کی جوڑی سلوان اسٹیفنس اور جین جولین روجر کو 6 – 1 , 6 – 2 سے ہرادیا ۔ اس کے نتیجہ میں اب ثانیہ مرزا اور لینڈر پئیس خود مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہونگے ۔ جونئیر زمرہ کے مقابلوں میں پانچویں سیڈ رکھنے والے کرمن تھانڈی اور پرانجالا یادلا پلی گرلز ڈبلز کوارٹر فائنل میں پہونچ گئے ہیں۔