ثانیہ ۔ مارٹینا ومبلڈن کے سکنڈ راؤنڈ میں داخل

لندن ، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی ثانیہ مرزا اور اُن کی پارٹنر مارٹینا ہنگس ومبلڈن چمپین شپ کے دوسرے راؤنڈ میں پہونچ گئے جس کے لئے اُنھوں نے قازقستان کی زرینہ دیاس اور چین کی سائی سائی ژینگ کے مقابل سیدھے سٹوں میں فتح درج کرائی ۔ ٹاپ سیڈ ہند ۔ سوئس جوڑی نے اوپننگ ویمنس ڈبلز میچ میں دیاس اور ژینگ کو 6-2، 6-2 سے شکست دی ۔ یہ میچ آل انگلینڈ لانگ ٹینس میں ایک گھنٹہ اور 9 منٹ چلا ۔ ثانیہ اور مارٹینا کا اگلا مقابلہ کمیکو ڈیٹ ۔ کروم اور فرانسسکا شیاوون سے رہے گا ۔ ہند ۔ سوئس جوڑی نے انھیں ملنے والے 8 بریک پوائنٹ مواقع میں سے آدھے کا فائدہ اُٹھایا جبکہ اُن کے حریفوں کو 6 مواقع ملے لیکن وہ ایک کا بھی فائدہ نہیں اُٹھا پائے ۔ ثانیہ اور مارٹینا اپنے قازق ۔ چینی حریفوں کے خلاف میچ میں مجموعی طورپر لگ بھگ پورے کھیل پر غلبہ قائم رکھا اور آخرکار ایونٹ کے اپنے پہلے مقابلے میں آسانی سے کامیابی درج کرائی ۔