ثانیہ ۔ مارٹینا جوڑی فرنچ اوپن سے تھرڈ راؤنڈ میں خارج

ہند ۔ سوئس ٹاپ سیڈ جوڑی کو چیک رپبلک کی حریفوں نے ہرایا ۔ بوپنا، پیس کی مینس ڈبلز میں علحدہ پیش رفت

پیرس ، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا فرنچ اوپن میں ویمنس ڈبلز کامپٹیشن سے حیران کن انداز میں خارج ہوگئیں جبکہ ہم وطن لینڈر پیس اور روہن بوپنا اپنے متعلقہ پارٹنرز کے ساتھ مینس ڈبلز کوارٹر فائنلز میں پہنچ چکے ہیں۔ ویمنس ڈبلز میں نمبر ایک درجہ کی حامل جوڑی ثانیہ اور سوئزرلینڈ کی مارٹینا ہنگز کو تھرڈ راؤنڈ کے میچ میں چیک رپبلک کی حریفوں بربورا کریسیکوا اور کٹرینا سنیاکوا کے مقابل 3-6، 2-6 سے شکست ہوگئی۔ قبل ازیں دن کے اوائل چھٹی سیڈ ہند۔ رومانیائی جوڑی بوپنا اور فلورین مرگئیا نے مارکوس ڈانیل اور برائن بیکر کو 6-2، 6-7(4)، 6-1 سے ہرایا، جبکہ 16 ویں سیڈز پیس اور مارسین ماتکوسکی نے چوتھی سیڈ حریف جوڑی برونو سوریز اور جیمی مرے کو 7-6(5)، 7-6(4) سے حیرت زدہ کردیا۔ لیکن بوپنا اور اُن کی روسی پارٹنر ایلا کودریاتسیوا مکسڈ ڈبلز کامپٹیشن کے سکنڈ راؤنڈ میچ میں چائنیز تائپی کی ہاو۔چینگ چان اور برطانیہ کے جیمی مرے کی ٹاپ سیڈ جوڑی کے ہاتھوں 6-2، 3-6، 8-10 سے ہار گئے۔ ویمنس ڈبلز میں ثانیہ اور ہنگز جو اگرچہ اِس سال کے اوائل اپنی آسٹریلین اوپن فتح کے بعد اِس گرانڈ سلام ٹورنمنٹ میں کھیلنے آئے، وہ اپنے بنا سیڈنگ والی چیک حریفوں کے خلاف کچھ بجھے بجھے نظر آئے اور میچ میں پانچ مرتبہ اپنی سرویس بچا نہ سکے، جن میں سے چار بار تو سکنڈ سٹ میں ہوا۔ اس مقابلے کے دوران ہند۔ سوئس جوڑی نے وقفے وقفے سے اچھی مزاحمت بھی کی لیکن آخرکار حریف جوڑی غالب آئی۔ آج کی ناکامی کی وجہ سے ثانیہ اور مارٹینا چار گرانڈ سلام خطابات لگاتار جیتنے کی اپنی امیدیں بارآور نہیں کرپائیں۔ وہ ومبلڈن اور یو ایس اوپن ڈبلز ٹائٹلز 2015ء میں اور جنوری 2016ء میں سیزن کا پہلا گرانڈ سلام یعنی آسٹریلین اوپن جیتے تھے۔ دوسری طرف بوپنا اور مرگئیا نے ایک بار بھی سرویس نہیں ہاری اور بنا سیڈنگ والی کیوی۔ امریکی جوڑی کے خلاف جیت گئے۔ ایک اور میچ میں پیس اور اُن کے پولینڈ کے پارٹنر نے اوپننگ سٹ میں حاصل ہونے والے ایک ’بریک‘ موقع کا فائدہ اٹھایا، جبکہ سوریز اور مرے انھیں ملنے والے پانچ بریک پوائنٹس میں سے محض ایک سے استفادہ کرسکے۔ ہند۔ پولش جوڑی کا اگلا مقابلہ طاقتور برائن برادرز باب اور مائیک سے ہوگا۔گرلز سنگلز ایونٹ میں کرمن کور تھانڈی نے اوپننگ راؤنڈ میں اوانا گوریلا کو 6-1، 7-5 شکست دی۔