سنگاپور ۔ 30 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ویمنس ڈبلز میں عالمی سطح پر پہلے مقام کی حامل ہند۔ سوئیس جوڑی ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے اپنے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج 20 ویں کامیابی کے ساتھ ڈبلیو ٹی اے کے سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ۔ ہندوستانی ثانیہ مرزا اور سوئزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس نے صرف 90 منٹ کے کھیل میں چوتھے مقام کی حامل ہنگری کی ٹیمیا بابوس اور فرانس کی کرسٹینا ملادونووچ کی جوڑی کو فائنل راونڈ رابن میچ میں 7-5، 6-4 سے شکست دیدی ۔ ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی نے آج اس جیت کے ساتھ روا ں سال روم میں کھیلے گئے ایک میچ میں حریف جوڑی سے ہوئی شکست کا انتقام بھی لے لیا ۔