ثانیہ ۔ سوریز جوڑی، مکسڈ ڈبلز سیمی فائنل میں

ملبورن۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ثانیہ مرزا اور برونو سوریز پر مشتمل عالمی نمبر ایک جوڑی آج یہاں آسٹریلیا کی مثالی جوڑی کیزی ویلاکوا اور جان پیئرس کے خلاف راست سیٹس میں فتح حاصل کرنے کے بعد آسٹریلین اوپن ٹینس کے مشترکہ ڈبلز سیمی فائنلس میں پہونچ گئے۔ ہند ۔ برازیل جوڑی نے کوارٹر فائنلس میں آسٹریلیا کی مقامی جوڑی کو کھیل کے 53 ویں منٹ میں ہی 6-2، 6-2سے شکست دے دی۔ ثانیہ اور سوریز نے اپنے حریفوں کو دونوں سیٹس میں دو مرتبہ پچھاڑ دیا۔ انہیں افتتاحی سیٹ میں کسی بریک پوائنٹ کا سامنا کرنا نہیں پڑا اور دوسرے سیٹ میں انہوں نے دو بریک پوائنٹس بچا لیا۔ ایک اور ہندوستان لینڈر پیئس اپنی سوئس ساجھیدار مارٹینا ہنگس کے ساتھ آندریہ ہلادوا کوور اور الیگزینڈرا پیا کے خلاف کامیابی کے بعد سیمی فائنلس میں پہونچ گئے ہیں۔ اس دوران بوائز سنگلز میں سمیر ناگل کی مہم آج اس وقت ختم ہوگئی جب انہیں آسٹریلیا کے مارک پولمانس کے ہاتھوں 1-6، 1-6 سے شکست ہوگئی۔