ثانیہ کو مکسڈ ڈبلز اور سیما کو اتھلیٹکس میں گولڈ ، ہندوستان کی 9 ویں پوزیشن

اِنچیون ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ساکتھ مائنینی کے ساتھ جوڑی بنا کر مکسڈ ڈبلز میں گولڈ جیت لیا جبکہ سیما پونیا نے بھی اپنے طلائی تمغہ کے ساتھ خوشی و شادمانی لائی، جس کے بل بوتے پر ہندوستان نے یہاں جاری 17 ویں ایشین گیمز میں آج مقابلوں کے 10 ویں روز مجموعی درجہ بندی میں 9 ویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ ریسلر بجرنگ اور مینس ٹینس جوڑی صنم سنگھ اور ساکتھ مائنینی نے سلور میڈلس حاصل کئے جس کے ساتھ ہندوستانی جتھے کیلئے یہ ایک اور ثمر آور دن ثابت ہوا۔ بجرنگ اور ٹینس ٹیم کی سلور میڈلس جیتنے والی کامیابیوں سے ہٹ کر اتھلیٹ او پی جیشا (ویمنس 1500m دوڑ) اور ریسلر نرسنگھ پنچم یادو (74kg) نے برونز میڈلس جیتے۔ 27 سالہ ثانیہ نے دن ڈھلتے ڈھلتے ساری توجہ حاصل کرلی جیسا کہ انھوں نے غیرمعروف مائنینی کے ساتھ جوڑی بناتے ہوئے فائنل میں چائنیز تائپی کے حریفوں ہاؤ چنگ چان اور سین یین پینگ کے خلاف آسان فتح درج کرائی ، جس کے ساتھ ہندوستانیوں کی ٹینس مہم کا پانچ تمغوں کی متاثرکن کارکردگی کے ساتھ اختتام ہوا۔ ٹریک اینڈ فیلڈ کے شعبے میں یہ دن سیما کا رہا جنھوں نے باوقار گولڈ میڈل جیت کر گزشتہ دو گیمز منعقدہ گوانگزو اور دوحہ میں اپنی عدم شرکت کی تلافی کرلی۔ قبل ازیں دن کے اوائل میں بجرنگ (61kg) سب سے نمایاں اسٹار رہے جبکہ انھوں نے پچھڑنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے کامیابیاں درج کرائیں اور فائنل تک پہنچے جہاں وہ آخرکار ایران کے مسعود محمود کے مقابل سخت مسابقت میں ہارے۔ ریسلرز نے ہندوستان کی تمغوں کی چاہ کیلئے شدید درکار جہت کی فراہمی جاری رکھی جیسا کہ نرسنگھ یادو نے بھی مینس 74kg فری اسٹائل ایونٹ میں برونز جیتا۔ جاریہ ایشین گیمز میں آج سات تمغوں کے اضافے پر ہندوستان نے اپنی نویں پوزیشن برقرار رکھی ہے، اور اس کے جملہ 42 تمغے ہیں، جن میں چھ گولڈ، سات سلور اور 29 برونز میڈلس شامل ہیں۔ جاریہ گیمز میںچین کی اجارہ داری برقرار ہے ، جس کے جملہ 238 تمغے (112-72-54) ہیں، جس کے بعد میزبان جنوبی کوریا (146) اور جاپان (132) ہیں۔ تاہم انڈین ویمنس ہاکی ٹیم کیلئے مایوسی ہاتھ لگی جس نے سیمی فائنل میچ ساؤتھ کوریا کے خلاف 1-3 سے ہار دیا اور اب اسے برونز میڈل پلے آف کیلئے جاپان سے مقابلہ کرنا ہے۔ باکسنگ رنگ سے بھی ہندوستانیوں کو کچھ زیادہ خوشخبری نہیں ملی کیونکہ سابق ورلڈ چمپئن شپ برونز میڈلسٹ وکاس کرشن (75kg) واحد ہیں جو کوارٹرفائنلس تک پہنچ پائے ہیں۔ گورو بھدوری (52kg)، مندیپ جنگرا (69kg) اور کلدیپ سنگھ (81kg) اپنے متعلقہ کوارٹر فائنل مقابلے ہار کر مسابقت سے خارج ہوگئے۔ دریں اثناء ثانیہ اور ساکتھ نے بہترین تال میل کے ساتھ کھیلتے ہوئے مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا۔ سکنڈ سیڈز جوڑی نے ٹاپ سیڈیڈ حریفوں کو خطابی مقابلے میں جو صرف 69 منٹ چلا، 6-4، 6-3 سے شکست دے دی۔ اِنچیون ایشیاڈ مین اسٹیڈیم میں سیما نے ویمنس ڈسکس تھرو فائنل میں 61.03m کی بہترین تھرو کے ساتھ گولڈ جیت لیا جبکہ ان کی ٹیم ساتھی کرشنا پونیا 55.57m کے اوسط سے کمتر مظاہرے کے ساتھ چوتھے مقام پر اختتام کیا۔ سیما کے ’گولڈن تھرو‘ سے قبل ویمنس میٹرک مائیلر او پی جیشا اور مینس 3000m اسٹیپ چیزر نوین کمار نے فی کس ایک برونز جیت کر اتھلیٹکس سے ہندوستان کے تمغوں کی تعداد کو تین دنوں میں آٹھ تک پہنچانے میں اپنا رول ادا کیا۔ اس دوران ہندوستان کے کبڈی کھلاڑیوں نے بھی اپنا عمدہ فام جاری رکھا ہوا ہے۔