ثانیہ کا عالمی نمبر 1 ویمنس ڈبلز رینک برقرار

ٹینس اسٹار کی ٹاپ پوزیشن کے لگاتار 81 ہفتے ہوگئے
نئی دہلی ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا متواتر دوسرے سال دنیا کی ٹاپ ڈبلز پلیئر کی حیثیت سے سیزن کا اختتام کریں گی۔ انھوں نے اِس سیزن میں 7 ویمنس ٹینس اسوسی ایشن (WTA) ٹائٹلز، ایک گرانڈ سلام خطاب جیتا اور سنگاپور میں سال کے اختتامی ڈبلیو ٹی اے فائنل مقابلوں میں سیمی فائنل پوزیشن درج کرائی ہے۔ نامور ہندوستانی کو ایک مرحلہ پر ٹاپ پوزیشن سے ہٹانے کا بیتھانی ماتیک۔ سینڈز کو موقع ملا تھا، بشرطیکہ امریکی کھلاڑی کو ڈبلیو ٹی اے فائنلز کا ڈبلز ٹائٹل حاصل ہوجاتا۔ تاہم بیتھانی کو فائنل میں ناکامی ہوئی اور ثانیہ کا دوبارہ عالمی نمبر 1 کے طور پر سال کا اختتام کرنا یقینی ہوگیا۔ انھوں نے گزشتہ سال اپریل میں ڈبلز میں نمبر 1 رینک تک حاصل کرکے اولین انڈین وومن پلیئر کی حیثیت سے تاریخ بنائی تھی۔ وہ مسلسل 81 ہفتوں تک نمبر 1 رینکنگ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ ثانیہ کے ڈبلیوٹی اے رینکنگ میں 8135 ریٹنگ پوائنٹس ہیں جبکہ ان کی جوڑی دار مارٹینا ہنگز سال کا اختتام چوتھے نمبر پر کریں گی،ھنگس اور ثانیہ ایک ساتھ چوٹی کی رینکنگ پر تھیں لیکن حال ہی میں سوئس کھلاڑی رینکنگ میں نیچے پھسل گئی تھیں۔ثانیہ نے نمبر 1 برقرار رہنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہاکہ مسلسل دوسرے سال نمبر ون بننا اعزاز کی بات ہے ۔ ثانیہ نے اس سال ہنگز کے ساتھ آسٹریلین اوپن اور باربورا سٹرائی کووا کے ساتھ سنسناٹی ماسٹرس خطاب جیتا ہے ۔ وہ اگست میں ہنگز سے الگ ہو گئی تھیں اور چیک جمہوریہ کی باربورا کے ساتھ کھیلیں۔دوسری طرف مینس ڈبلز رینکنگ میں روہن بوپنا اپنے 22 ویں مقام پر برقرار ہیں جبکہ لینڈر پیس ایک مقام گھٹ کر 56 ویں مقام پر کھسک گئے ہیں۔ مینس سنگلز رینکنگ میں ساکیت منیني 10 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ193ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور چوٹی کے 200 سنگلز کھلاڑیوں میں انڈیا کے بہترین رینکنگ کھلاڑی ہیں۔