ملبورن ۔ 29 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے آسٹریلین اوپن ویمنس ڈبلز میں اپنے کھیل کے کامیاب آغاز کو آج کامیاب انجام پر پہونچاتے ہوئے چمپیئن شپ ٹائٹل جیت لیا ۔ اس عالمی نمبر ایک ہند۔ سوئیس جوڑی نے پرعزم چیک جوڑی آدریا ہلاوااجکوا اور لوس ہرادیکا کو شکست دی ۔ ثانیہ اور مارٹینا جوڑی کی یہ لگاتار 36 ویں شکست دی ۔ ثانیہ اور مارٹینا جوڑی کی یہ لگاتار 36 ویں کامیابی تھی ۔ انھوں نے آندریا اور لوسی کو ویمنس ڈبلز فائنل کے تقریباً ایک گھنٹہ 45 منٹ کے کھیل میں 6-3 ، 7-6(1) سے شکست دی ۔ ثانیہ اور مارٹینا کیلئے یہ تیسری گرینڈ سلام فتح تھی جو 2015 ء کے دوران ومبلڈن اور یو ایس اوپن گرینڈ سلام ٹائیٹلس جیت چکی ہیں۔ ثانیہ اور مارٹینا اپنی کامیابیوں کی ناقابل تسخیر مہم جاری رکھتے ہوئے تاحال 36 میچوں میں لگاتار جیت چکی ہیں جن میں آٹھ خطابی مقابلے بھی شامل ہیں۔ اس جوڑی نے 2015 ء میں لگاتار پانچ ٹائیٹلس پر قبضہ کیا تھا ۔ برسبین اور سڈنی کے مقابلوں اور آج آسٹریلین اوپن میں کامیابی سے قبل انھوں نے یو ایس اوپن سے اپنی فتوحات کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔ آسٹریلین اوپن میں ثانیہ کا یہ دوسرا ڈبلز ٹائیٹل ہے ۔ 2009 ء میں وہ مہیش بھوپتی کے ساتھ مکسڈ ڈبلز ٹائیٹل جیت چکی ہیں۔ ہلاواجکوا آج کے مقابلہ میں بیس لائن پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتی رہیں ۔ اُن کی ساتھی ہرادیکا نیٹ پر خوب گرفت بنائے رکھیں لیکن ثانیہ اور مارٹینا پر مشتمل تجربہ کار جوڑی کے پاس چیک لڑکیوں کے حملوں کو ناکام بنانے کیلئے کافی سے زیادہ مہارت تھی جس سے اُن دونوں نے بھرپور فائدہ اُٹھایا ۔ ثانیہ نے اس کامیابی پر بے پناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’مارٹینا ایک حیرت انگیز چمپیئن اور حیرت انگیز شخصیت ہیں۔ ان کے ساتھ کھیل میرے لئے ایک اعزاز ہے ‘‘ ۔ مارٹینا نے بھی اس کامیابی پر ثانیہ کی بھرپور ستائش کی ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ثانیہ اور ہنگس کو مبارکباد دی ۔ تاہم بعد ازاں کھیلے گئے مکسڈ لابلز کے ایک سیمی فائنل میچ میں ثانیہ اور ان کے کروشیائی جوڑی دار ایوان ڈاگچ کو ایلینا ویسنیا اور برونو سواریز کے ہاتھوں 6-7(4)، 5-7 سے شکست ہوگئی ۔