ثانیہ مرزا کو شاندار کارنامے پر سونیا گاندھی کی مبارکباد

نئی دہلی ، 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج ثانیہ مرزا کو ویمنس ڈبلز میں عالمی نمبر 1 رینک کے حصول پر مبارکباد پیش کی اور اُن کے اخلاص اور عزم کو سراہا۔ اپنے پیام میں سونیا گاندھی نے کہا کہ ثانیہ نے ساری قوم کو فخر کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ثانیہ کل شام تاریخ رقم کرتے ہوئے ہندوستان کی طرف سے اولین خاتون ٹینس کھلاڑی بن گئیں جنھیں ڈبلیو ٹی اے فہرست میں ورلڈ نمبر 1 رینکنگ حاصل ہوگئی، جو سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس کے ساتھ ڈبلیو ٹی اے فیملی سرکل کپ میں اُن کی خطابی فتح کے پیش نظر ممکن ہوئی۔