نیویارک، 03 ستمبر (یو این آئی) ہندستان کی اسٹار ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے یہاں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے خواتین ڈبلز کے پری کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے جبکہ روہن بوپنا نے اپنی جوڑی دار کے ساتھ مکسڈ ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے ۔چوتھی سیڈ ثانیہ نے اپنی چینی جوڑی دار پینگ شوئی کے ساتھ دوسرے راؤنڈ کے میچ میں سلوواکیہ کی جانا سیپلووا اور میگدالن رباریکووا کو دو گھنٹے 13 منٹ تک چلے تین سیٹ کے مقابلے میں 6۔7، 6۔3، 6۔3 سے شکست دے کر خاتون ڈبلز کے پری کوارٹڑ فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ہند چینی جوڑی کا اگلے دور میں رومانیہ کی سورانا سرسٹیا اور اسپین کی سارہ سوربس ٹورمو کے خلاف میچ ہو گا ۔ تاہم ثانیہ پہلے ہی اپنے ساتھی کروشیا کے آئیون ڈوڈگ کے ساتھ مکسڈ ڈبلز سے باہر ہو چکی ہیں ۔کل ہندوستان کے لئے سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ملا جلا آغاز رہا تھا ۔ لینڈر پیس اور پورو راجا کی جوڑی نے مردوں کے ڈبلز کے دوسرے دور میں داخلہ حاصل کرلیا جبکہ ثانیہ مرزا کو مسکڈ ڈبلز میں اور روہن بوپنا کو مردوں کے ڈبلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔پیس اور راجا نے بارسلونا کے یانکو ٹپساریوچ اور وکٹر ٹرائکی کو 6۔1، 6۔3 سے شکست دی۔ دسویں سیڈ یافتہ بوپنا اور اروگوے کے پابلو کیوواس کو آسٹریلیائی اوپن میں فاتح رہ چکے فابیو فوگنینی اور سمون بولیلی نے 5۔7، 6۔4، 6۔4 سے شکست دی۔ثانیہ اور کروشیا کے ایوان ڈوڈگ کو لاتویا کی یلینا اوستا پینکو اور فرانس کے فیبرس مارٹن کے ہاتھوں 7۔5، 3۔6، 6۔10 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ثانیہ اور ڈوڈگ پہلا سیٹ جیتنے کے بعد اپنی بہتر کارکردگی کا سلسلہ قائم نہیں رکھ پائے ۔ مردوں کے ڈبلز میں دیوج شرن اور آندرے ویزمین کا سفر ختم ہوگیا ہے ۔ انہیں اسپین کے فلیسیانو لوپیز اور مارک لوپیز نے 6۔4، 6۔4 سے شکست دی۔وہیں اس سال فرانسیسی اوپن میں اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم جیتنے والے بوپنا نے کینیڈا کی اپنی جوڑی دار میں گیبریلا ڈابرووسکي کے ساتھ مکسڈ ڈبلز میں اچھی شروعات کی۔ساتویں سیڈ ہندستانی کینیڈا کی جوڑی نے برطانیہ کے ہیٹر واٹسن اور فن لینڈ کے ہینری کوٹینن کو 6۔4، 4۔6، 13۔11 سے ایک گھنٹے اور 17 منٹ میں شکست دے کر اپنا میچ جیت لیا۔