ثانیہ مرزا پربھی فلم بنے گی،اسکرووالا نے حقوق حاصل کرلئے

نئی دہلی۔3 اگست (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی۔بالی ووڈ میں ان دنوں کھلاڑیوں کی زندگی پر مبنی فلم بنانے کا دور چل رہا ہے ۔ ملکھا سنگھ، میری کام، سچن تندولکر اور ایم ایس دھونی کی زندگی پر مبنی فلمیں بنائی جا چکی ہیں اور جلد ہی بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال اور سابق پروفیشنل نشانہ باز ابھینو بندرا کی بایوپک آنے والی ہے ۔ اس سلسلے میں اب ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کا بھی نام فہرست میں شامل ہونے والا ہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ فلم ساز رونی اسکرووالا نے ہندوستانی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا پر بننے والی بایوپک کے حقوق خرید لیے ہیں۔ثانیہ کی اس سوانح عمری کے حقوق خریدنے میں بالی ووڈ کے کافی پروڈیوسر دوڑ میں تھے لیکن آخری بازی رانی اسکرووالا نے مار لی۔ اس بایوپک میں ثانیہ کی زندگی سے وابستہ تمام پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔ حال ہی میں ثانیہ مرزا نے اپنی بایوپک پر بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں چاہتی ہوں کہ اگر میرے اوپر بایوپک بنے تو اس میں میرا کردار پرنیتا چوپڑا نبھائیں ۔