ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا چھوڑ دیا

دبئی ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور پاکستان کے میچ سے کچھ گھنٹے قبل ہی شعیب ملک کی اہلیہ اور ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ایشیا کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کیلئے سرحد پار کے دونوں شائقین اپنی اپنی ٹیم کے لیے پرجوش ہوتے ہیں تاہم دوسری جانب پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور پاکستانیوں کی بھابھی ’ثانیہ مرزا ‘نے کرکٹ کے گراونڈ پر ہونے والی اس ہند۔پاک لڑائی سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے کچھ دنوں کیلئے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کر دیاہے۔ثانیہ مرزا نے ٹوئٹر پر اپنے اعلان میں کہا کہ میچ میں چند گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے ، اور محفوظ رہنے کیلئے بہتر ہے کہ سوشل میڈیا سے کچھ دن کیلئے دوری اختیار کر لی جائے کیونکہ جو فضول باتیں یہاں پر کی جارہی ہیں وہ ایک اچھے بھلے بندے کو بیمار کر سکتی ہیں تو حاملہ خاتون کو تو اکیلا چھوڑ ہی دو۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں سے کہا کہ یاد رکھو کہ یہ صرف ایک کرکٹ میچ ہی ہے۔

ثانیہ اور اظہر میں لفظی جنگ
دبئی ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کی بیوی اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا رہتی تو ہندوستان میں ہیں لیکن ان کے پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے دوستانہ مراسم ہیں جس کی جھلک اکثر ٹوئٹر پر نظر آتی ہے۔سابق ٹسٹ کرکٹر اور ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود، ان کی اہلیہ اور ثانیہ مرزا کے درمیان اسی طرح کی ایک دلچسپ نوک جھونک نے ٹوئٹر شائقین کو خوب محظوظ کیا۔گزشتہ دنوں شعیب ملک نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی اور ثانیہ کے لیے اپنا حلیہ بدل لیا اور یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی۔تاہم شعیب ملک کے اس اقدام نے اظہر محمود کے لیے مشکلات کھڑی کر دیں اور ان کی بیگم ایبا قریشی نے شعیب ملک کو سراہتے ہوئے لکھا کہ بیگم کو خوش کرنا تو کوئی تم سے سیکھے۔اظہر نے شعیب کو کہا کہ تو نے ہمیں مروا دیا اور پھر شعیب کی طرح اپنی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جب سب کر رہے ہیں تو ہم بھی بیگم کو خوش کر دیتے ہیں۔اس پر ثانیہ مرزا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اظہر محمود سے کہا کہ اظہر بھائی اگر میں آپ ہوتی اور ایبا میری بیوی ہوتی تو مجھ میں یہ کرنے کی ہمت نہ ہوتی۔ اس کے لیے مکمل مارکس ملنے چاہئیں لیکن یاد رکھیں گھر بھی تو جانا ہے۔ کیونکہ میں اور ایبا آخرکار کسی وجہ سے ہی دوست ہیں۔اظہر نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمہارا میاں ہم سب کو پھنسوا رہا تھا۔ میں نے یہ سب کرنے کی ہمت اس لیے کی کیونکہ میں ساڑھے تین ماہ سے گھر نہیں گیا۔ ایبا کے اطراف میں تین بچے موجود ہیں اس لیے امید ہے کہ وہ یہ سب بھول جائے گی۔ آپ تو جانتی ہیں کہ میں کتنا بہادر ہوں۔یاد رہے کہ اظہر محمود ایشیا کپ کے لیے امارات میں موجود تھے لیکن اپنے 4 سالہ بھتیجے کے انتقال کے سبب وطن واپس لوٹے ہیں ۔