چارلسٹن (امریکہ) 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا عالمی نمبر ون کا مقام حاصل کرنے کے بالکل قریب ہے جس کے ساتھ ہی وہ ملک کی ٹینس کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کریں گی۔ ثانیہ مرزا ڈبلیو ٹی اے فیملی سرکل کپ میں پارٹنر مارٹینا ہینگس کے ساتھ ڈبلز فائنل میں پہنچ چکی ہے اور عالمی نمبر ایک مقام کیلئے انہیں صرف ایک کامیابی درکار ہے ۔ ٹاپ سیڈ جوڑی ثانیہ اور ہینگس نے دوسرے سیٹ میں ہوئی ناکامی پر فوری قابو پاتے ہوئے روس کی ایلا کُدریوتسیوا اور انستاسیا پاولائی چنکوا کو سیمی فائنل میں 6-4, 1-6, 10-7 سے شکست دی۔ ایک مرحلے پر جبکہ وہ 6-4, 0-2, 30-ALL پر تھیں اس وقت روسی جوڑی نے زبردست مزاحمت کی اور مابقی دوسرا سیٹ 6-1 سے جیت لیا۔ اس کے بعد ثانیہ اور ہینگس نے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اسے 7-7 سے مساوی کیا۔ انہوں نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 3 سیدھے سیٹوں میں متواتر کامیابی حاصل کرتے ہوئے جیت اپنے نام کرلی۔ بعدازاں ثانیہ مرزا نے کہا کہ بارش میں تاخیر کے بعد کھیل اس قدر آسان نہیں تھا۔ ا
نہوں نے کہا کہ حریف کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک مرحلے پر ہم ایک پوائنٹ جیت نہیں سکے تھے۔ اس کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ کامیابی ہم سے دور ہوتی جارہی ہے لیکن ہم نے خود پر قابو پاتے ہوئے اسے یقینی بنایا ۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ کامیابی کی ایک اہم وجہ اس جوڑی میں شامل کھلاڑی کی بھی ہے ۔ ہم آخری وقت تک مقابلہ کرتے رہے۔ ہم نے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا اور اس مقابلے کو کامیابی میں تبدیل کیا ۔ مارٹینا ہینگس نے کہا کہ یہ کامیابی ہمارے لئے یادگار رہے گی ۔ انہوں نے جب دیکھا کہ حریف کھلاڑی مسلسل ان پر حملہ کررہے ہیں تو انہیں ابتداء میں کسی قدر مشکل ہوئی لیکن اس کے بعد انہیں نے موثر جواب دینا شروع کیا ۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ حریف کھلاڑیوں پر قابو پانے میں کسی قدر تاخیر ہوئی ۔ ہینگس اور ثانیہ مرزا اب مجموعی طور پر 13-0 پر ہیں۔ اس کے علاوہ انڈین ویلس سے 5-0 ‘ میامی کامیابی سے 3-0 کے ساتھ وہ فائنل میں پہنچے ہیں۔ جمعہ کو کوارٹر فائنل میچ جیت کر انہوں نے نمبر ایک مقام حاصل کیا تھا ۔ اگر فائنل میں یہ جوڑی جیت جائے تو ثانیہ مرزا ڈبلز میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی بن جائیں گی ۔ وہ ہندوستان کی پہلی خاتون کھلاڑی ہوں گی جنہیں ٹینس میں یہ مقام حاصل ہوگا۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ انہیں ایسا خیال نہیں آتا لیکن وہ بھی ایک انسان ہے اور کبھی کبھی ذہن میں یہ سوچ ضرور ابھر آتی ہے۔ وہ کوشش کررہی ہیں کہ اچھا کھیل پیش کریں اور کامیابی کو یقینی بنائے ۔ ثانیہ مرزا اور مارٹنا ہنگس کا مقابلہ کسی ڈیلکوا اور ڈریجا جراک سے ہوگا جنہوں نے ایک اور سیمی فائنل میں مارٹنا ایرکووچ اور اینڈرے پٹکووچ کو 6-4, 1-6, 10-5 سے ہرایا ۔