ثانیہ مرزا اپنے بیٹے کو نظر بد سے بچانے کی خواہاں

حیدرآباد ۔20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو نظر بد سے بچانے کے لئے اس کی تصویر شائع نہیں کر رہیں۔ ثانیہ مرزا کے ہاں اکتوبر کے آخر میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تاہم انہوں نے اب تک بچے کی کوئی تصویر سوشل میڈیا پرشائع نہیں کی۔ ثانیہ مرزا سے جب پوچھا گیا کہ انہوں نے اب تک اپنے بیٹے اذہان کی کوئی تصویر میڈیا کو فراہم کیوں نہیں کی تو انہوں نے کہا کہ میں نظر بد پر یقین رکھتی ہوں،ہمارے بچے کوتوجہ کی ضرورت ہے،وہ ابھی بہت چھوٹا ہے اس لئے میں نے اور شعیب نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کی ہر طرح سے حفاظت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں ان لوگوں پر تنقید کر رہی ہوں جو اپنے بچوں کی تصویریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں لیکن ہم نے جو سوچا وہ ہمارا ذاتی فیصلہ ہے۔ ٹینس کورٹ میں واپسی کے سوال پر ثانیہ نے کہا کہ میں دوبارہ کھیلنا چاہتی ہوں ، ٹینس سے مجھے پیار ہے لیکن اب بچے کی وجہ سے مجھے اپنی ترجیحات بدلنی پڑیں لیکن میں کھیل میں واپس آوں گی۔ ثانیہ مرزا نے اگلے سال کے آخر میں ٹینس میں واپسی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ میں کوئی خاص تاریخ نہیں بتا سکتی لیکن 2019 کے آخر میں ٹینس دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ ہے۔