نیویارک ، 6 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ثانیہ مرزا اور باربرا استریکوا نے نیکول گبس اور ناؤ ہبینو کے خلاف ٹھوس پرفارمنس پیش کرتے ہوئے یہاں یو ایس اوپن میں ویمنس ڈبلز کوارٹر فائنلز میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ انڈو۔ چیک جوڑی نے گزشتہ روز تھرڈ راؤنڈ کے میچ میں امریکی۔ جاپانی حریفوں کے مقابل 6-4، 7-5 سے جیت درج کرائی۔ ساتویں سیڈز آج دیر گئے کوارٹرز میں ٹاپ سیڈ فرانسیسی جوڑی کیرولین گارشیا اور کرسٹینا ملادینویچ سے کھیلیں گے۔ ثانیہ اس ٹورنمنٹ میں باقی واحد ہندوستانی ہے کیونکہ روہن بوپنا اور لینڈر پیس اپنے متعلقہ مکسڈ ڈبلز پارٹنرز کے ساتھ کامپٹیشن سے خارج ہوچکے ہیں۔ ڈیفنڈنگ چمپئن پیس اور اُن کی سوئس پارٹنر مارٹینا ہنگز سکنڈ راؤنڈ میں ہارے جبکہ بوپنا اور اُن کی پارٹنر گیبریلا دابروسکی نے کوارٹرفائنلز میں شکست کھائی۔