ووہان ، یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے پارٹنر مارٹینا ہنگس کے ساتھ اپنی زبردست مہم جاری رکھی ہے جیسا کہ ہند۔ سوئس جوڑی آج یہاں ووہان اوپن ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ کے سیمی فائنلس میں داخل ہوگئی۔ ٹاپ سیڈ جوڑی نے کوارٹرفائنل میں پانچویں سیڈنگ والے امریکی راقیل کاپس۔جونز اور ابیگیل اسپئرس کو بہ آسانی 6-2، 6-2 سے شکست دے دی۔ ثانیہ اور ہنگس نے اس ٹورنمنٹ میں فرسٹ راؤنڈ بائی حاصل ہونے کے بعد سکنڈ راؤنڈ میں کلاڈیا یانس۔اِگناسک اور انستاسیا روڈیونوا کے خلاف بھی نسبتاً آسان کامیابی (6-3، 6-2) درج کرائی تھی۔ یہ کامیاب جوڑی رواں سال ومبلڈن ڈبلز کراؤن جیتنے اور پھر یو ایس اوپن ٹروفی بھی اپنے کھاتے میں شامل کرتے ہوئے کافی بلند حوصلہ نظر آئی ہے۔