پیرس ۔28 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) دسویں فرنچ اوپن خطاب کی مہم کو کامیابی کی سمت آگے بڑھاتے ہوئے رافیل نڈال نے اپنے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں ہم وطن کھلاڑی اسپینی ٹینس اسٹار نکولاس المگرو کو راست سٹوں میں 6-4، 6-3، 6-1 سے شکست دی ہے ۔ نڈال جو ان دنوں ناقص فام اور کلے کورٹ پر مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے فرنچ اوپن میں گزشتہ دس برسوں کے دوران پہلی مرتبہ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں تاہم انھیں آج کھیلے گئے مقابلے میں کلے کورٹ کے ماہر کھلاڑی تصور کئے جانے والے المگرو کے خلاف کوئی چیلنج درپیش نہیں رہا ۔ دریں اثناء خاتون زمرے میں عالمی نمبر 1 سرینا ولیمس کو عالمی درجہ بندی میں 103 ویں مقام پر موجود جرمنی کی اینا لینا فریڈسام کیخلاف کامیابی کیلئے تین سٹوں پر مشتمل مقابلے میں سخت جدوجہد کرنی پڑی ۔ سرینا پہلا سٹ 5-7 سے گنوانے کے باوجود دیگر دو سٹوں میں 6-3، 6-3 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ دریں اثناء فرنچ اوپن میں آج ہندوستانی کھلاڑیوں کیلئے بہتر دن رہا جیسا کہ لینڈر پیس اور روہن بوپنا اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ پیشقدمی جاری رکھی ہے جبکہ عالمی نمبر ایک جوڑی ثانیہ مرزاور ان کی ساتھی مارٹینا ہنگس نے پہلے مرحلے کے مقابلے میں ایک آسان کامیابی حاصل کی ۔ ثانیہ جوڑی نے جرمنی کی جولیا جارجس اور چیک جمہوریہ کی باربورا کے خلاف بہ آسانی 6-3، 6-0 کی کامیابی حاصل کرلی ہے ۔