ثانیہ جوڑی کی پیشرفت۔ پیس، بوپنا جوڑیاں ناکام

مکسڈ ڈبلز میں ثانیہ کی عمدہ شروعات، بوپنا جوڑی بھی کامیاب
نیویارک ، 3 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا کے ٹاپ ڈبلز پلیئرز لینڈر پیس اور روہن بوپنا کا یو ایس اوپن مینس ڈبلز کامپٹیشن سے اخراج ہوگیا، ویسے ثانیہ مرزا نے اپنے کروشیائی پارٹنر ائیوان دودیگ کے ساتھ مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں پیشرفت کی ہے۔ پیس اور اُن کے جرمن پارٹنر اینڈری بگیمن کو فرانسیسی۔ اسرائیلی جوڑی اسٹیفان رابرٹ اور دودی سیلا کے خلاف سخت فرسٹ راؤنڈ میچ میں جو لگ بھگ دو گھنٹے چلا، 6-2، 5-7، 4-6 کے فرق سے ناکامی ہوئی۔ بوپنا جن کی جوڑی ڈنمارک کے فریڈرک نیلسن کے ساتھ ہے، امریکی برائن بیکر اور کیوی مارکوس ڈانیل کے مقابل 2-6، 6-7(5-7) سے شکست کھا گئے۔ تاہم ہندوستانی پرستاروں کیلئے کچھ خوشی کا موقع بھی آیا جیسا کہ ثانیہ اور دودیگ جنھوں نے 2014ء میں یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیتا تھا، اپنی مہم کی عمدہ شروعات کرتے ہوئے امریکی حریفوں ڈونالڈ ینگ اور ٹیلر ٹاؤنسنڈ کے مقابل صرف 62 منٹ میں سیدھے سٹ کی جیت 6-4، 6-4 کے اسکور پر درج کرائی۔ بوپنا نے بعد میں اپنا مکسڈ ڈبلز فرسٹ راؤنڈ میچ بھی کناڈا کی گیبریلا دبروسکی کی رفاقت میں کھیلتے ہوئے صرف 67 منٹ میں امریکی جوڑی نواہ روبن اور جیمی لیب کو 7-5، 6-4 سے شکست دی۔ جونیر گرلز ایونٹ میں انڈیا کی پرنجالا یدلاپلی نے امریکی وکٹویہ ایما کو 6-3، 6-2 سے ہرایا۔