ثانیہ جوڑی کو ہنگس جوڑی کے خلاف شکست

نیویارک ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نمبر ایک ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان کی زمبابوے کی ساتھی کھلاڑی کارا بلیک کو یو ایس اوپن کے خاتون زمرہ کے ڈبلس سیمی فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک سوئٹزرلینڈ کی ماٹینا ہنگس اور ان کی ساتھی کھلاڑی فلاویا پینیٹا کے خلاف راست سیٹوں میں 2-6 ، 4-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ 27 سالہ ثانیہ مرزا کو مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں برازیلی ساتھی کھلاڑی برونو سوریز کے ساتھ فائنل میں رسائی کا موقع تو ملا لیکن خاتون زمرہ کے ڈبلز میں انہیں ایک گھنٹہ 10 منٹ کے مختصر مقابلہ میں ہی شکست برداشت کرنی پڑی۔ ٹورنمنٹ میں تیسرے درجہ کی ہند ۔ زمبابوے جوڑی کو حریف کھلاڑیوں کی سرویس توڑنے کے 7 مواقع دستیاب ہوئے تھے جس میں ثانیہ جوڑی 6 مرتبہ ناکام رہی۔ دوسری جانب ہنگس جوڑی کو ثانیہ جوڑی کی سرویس توڑنے کے 5 مواقع دستیاب ہوئے جس میں اس جوڑی نے 4 مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ لوئس آرم اسٹرانگ اسٹیڈیم میں منعقدہ خاتون زمرہ کا یہ سیمی فائنل مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا۔