ثانیہ جوڑی کا سیمی فائنل میں ہنگس جوڑی سے مقابلہ

نیویارک۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان کی زمبابوے کی ساتھی کھلاڑی کارابلیک کو کوارٹر فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے کوئی خاص محنت کرنی نہیں پڑی کیونکہ ان کی حریف جوڑی پہلے سیٹ کی تکمیل کے بعد مقابلہ سے دستبردار ہوگئی۔ ٹورنمنٹ میں تیسری بہترین جوڑی ثانیہ اور کارا نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں قازقستان کی زرینہ ڈیاس اور چینی کھلاڑی ای فان ژو کے خلاف 6-1 ، 1-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی لیکن 45 منٹ بعد حریف جوڑی نے مقابلہ سے دستبرداری اختیار کرلی۔ ثانیہ ۔ کارا جوڑی کا یو ایس اوپن کے خاتون زمرے کے ڈبلز کے سیمی فائنل میں سوئٹزرلینڈ کی سابق عالمی نمبر ایک مارٹینا ہنگس اور اطالوی ٹینس اسٹار فلیویا پنیٹا سے ہوا جنہوں نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں ٹورنمنٹ کی پانچویں بہترین جوڑی کیویٹا پیس چیک اور کیٹرینا سریبوٹنک کو راست سیٹوں میں 6-4 ، 6-3 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل مقابلہ میں ثانیہ مرزا اور ان کی ساتھی کھلاڑی کارا نے مقابلہ کا بہترین آغاز کیا جیسا کہ اس جوڑی نے نہ صرف اپنی سرویس برقرار رکھی بلکہ متواتر حریف جوڑی کی سرویس توڑتی رہی۔ پہلا سیٹ بآسانی اپنے نام کرنے کے بعد دوسرے سیٹ میں بھی آغاز کے 5 منٹ بعد جب سبقت مل گئی تو اس موقع پر حریف جوڑی نے مقابلہ سے دستبرداری اختیار کی۔