ملبورن۔23جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین اوپن 2014ء کے مکسڈ ڈبلز کے خطابی مقابلے میں دو ہندوستانی کھلاڑیوں کے تصادم کے امکانات آج اس وقت ختم ہوگئے جب ثانیہ جوڑی نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ پیس جوڑی کو کوارٹر فائنلس میں شکست برداشت کرنی پڑی ۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور اسکی رومانیہ کی ساتھی کھلاڑی ہوریا ٹیکاؤ کو ٹورنمنٹ میں چھٹا مقام حاصل ہے ۔ اس جوڑی نے پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی اور ان کی ساتھی کھلاڑی جولیا جارجس کو راست سیٹوں میں 6-3‘ 6-4 سے شکست ہوئی ۔ ثانیہ جوڑی نے کوارٹر فائنل میں صرف 63منٹوں میں کامیابی حاصل کرلی ۔ ثانیہ جوڑی کا سیمی فائنل میں مقابلہ آسٹریلیائی جوڑی جرمیلا گاجڈوسوا اور متھیو ایبٹون سے ہوگا
جنہوں نے دوسرے درجہ کی جوڑی اوپن بوپنا اور کٹرینہ سریوٹنیک کو حیران کن شکست دے کر ٹورنمنٹ سے باہر کردیا ۔ مکسڈ ڈبلز کے ایک اور کوارٹرفائنل میں ہندوستانی ٹینس اسٹار لینڈر پیس اور ان کی سلواکیائی ساتھی کھلاڑی ڈینیلا ہنٹکوا کو فرانسیسی کھلاڑی کریسٹینا جلاڈینووچ اور کینیڈا کے ڈینیل نسٹر کے خلاف 3-6 ‘ 3-6کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ دریں اثناء ثانیہ جوڑی کو پہلے سیٹ میں اپنی حریف جوڑی کی سرویس توڑنے کے تین مواقع دستیاب ہوئے تھے تاہم ثانیہ جوڑی نے ان میں صرف ایک موقع سے فائدہ اٹھایا اوریہ فائدہ انہیں مقابلے میں کامیابی کیلئے کافی ہوگیا ۔ 28منٹوں میں پہلا سیٹ اپنے نام کرنے کے بعد ثانیہ جوڑی نے دوسرے سیٹ کی 9ویں گیم میں صرف جوڑی کی سرویس توڑی اور 35منٹ طویل اس سیٹ میں کامیابی کے ذریعہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔ واضح رہے کہ رواں گرانڈ سلام میں مرد زمرے کے سنگلز اور ڈبلز کے علاوہ خاتون زمرے کیلئے ڈبلز میں پہلے ہی ہندوستانی مہم کا اختتام ہوچکا ہے ۔