ٹوکیو ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی نمبر ایک ٹینس اسٹار اور ان کی چیک جمہوریائی ساتھی کھلاڑی باربورا اسٹریکووا نے یہاں ٹورے پان پیسیفک اوپن کے سیمی فائنل میں کینیڈا کی گیابریلا اور اسپین کی ماریا جوس کو سخت ترین مقابلہ میں 4-6,6-3,10-5 سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ رواں ٹورنمنٹ میں دوسرے مقام پر فائز ثانیہ جوڑی نے کوارٹر فائنل مقابلہ میں جاپان کی میوکاٹو اور چین کی یفان ژو کو باآسانی 6-2,6-2 سے شکست دی تھی۔ ثانیہ اور باربورا کی جوڑی تیسرا ٹورنمنٹ کھیل رہی ہے اس سے قبل اس جوڑی نے گذشتہ ماہ سنسناتی اوپن میں خطاب اپنے نام کیا تھا جہاں اس نے مارٹینا ہنگز اور کوکو ونڈے ویگی کو شکست دی تھی۔