ملبورن ۔ 27 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا ساتویں گرانڈ سلام کے حصول سے ایک قدم دور ہے جیسا کہ یہاں رواں آسٹریلین اوپن کے مسکڈ ڈبلز کے سیمی فائنل میں ثانیہ مرزا اور ان کے ساتھی کھلاڑی آئیوان ڈوڈگی نے مقامی کھلاڑیوں سمنتھا اسٹوسر اور سام گروتھ پر مشتمل جوڑی کو 6-4 ، 2-6 ، 10-5 سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ دوسری درجہ کی ثانیہ جوڑی نے ایک گھنٹہ اور 18 منٹ طویل مقابلے میں سخت مسابقتی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ثانیہ مرزا نے 3 مکسڈ ڈبلز گرانڈ سلام خطابات جیتے ہیں جن میں 2014 ء کا یو ایس اوپن حالیہ کامیابی ہے ۔ علاوہ ازیں ڈوڈگ کے ہمراہ انھیں گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنے کا موقع اس وقت ملا تھا لیکن گزشتہ برس فرنچ اوپن کے فائنل میں انھیں لینڈر پیس اور سابق ڈبلز جوڑی مارٹینا ہنگس کے خلاف شکست ہوئی تھی ۔ ثانیہ جوڑی کی فائنل میں رسائی کے بعد حیدرآبادی کھلاڑی وہ واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں جوکہ رواں سیزن کے پہلے گرانڈ سلام میں ہنوز ایکشن میں دکھائی دے رہی ہیں ۔