ثانیہ بائیک کی سواری نہ کروانے پرشعیب سے ناراض

کراچی۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی ٹوئٹر پر ہونیوالی دلچسپ نوک جھونک وائرل ہوگئی۔پاکستان سری لنکا کے درمیان 8 سال بعد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والا میچ پاکستان نے جیت کر سری لنکا کو وائٹ واش کرکے پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔ اس موقع پر کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی اپنی دلچسپ ٹوئٹس کے بعد خبروں کا مرکز رہے۔برسوں بعد پاکستان میں کرکٹ اور سری لنکائی ٹیم کی آمد کے باعث پاکستانی عوام کے ساتھ میزبان کرکٹرز بھی بے حد خوش اور پرجوش تھے جب کہ ’’پاکستانی بھابھی‘‘کہلانے والی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی اس موقع پراپنے شوہر شعیب ملک اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حمایت کے لیے پاکستان آئی تھیں۔میچ کے دوران جہاں تمام کھلاڑیوں نے عمدہ کاردکردگی کا مظاہرہ کیا وہیں شعیب ملک کو نصف سنچری بنانے اور بہترین کھیل پیش کرنے پر’’مین آف دی سیریز‘‘کا ایوارڈ دیا گیا اورساتھ میں انعام کے طور پر ہیوی بائیک دی گئی۔ ثانیہ مرزا اس موقع پراپنے شوہرکا ساتھ دینے کے لئے گراؤنڈ میں موجود تھیں لہٰذا بائیک پر بیٹھنے کا پہلا حق بھی ان ہی کا مانا جارہا تھا تاہم شعیب ملک نے ثانیہ کی بجائے شاداب خان کو اپنے ساتھ بائیک پر بٹھا کر گراؤنڈ کی سیر کروائی اور اپنی بیوی کا دل توڑ دیا۔ لیکن انہیں کیا پتہ تھا کہ ان کے ساتھ نئی بائیک پر سب سے پہلے ثانیہ بیٹھنا چاہتی تھیں جس کے ثبوت کے طور پرانہوں نے بائیک جیتنے کے فوراً بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا ’’چلیں پھراس پر‘‘۔ثانیہ مرزا نے کہہ تو دیا کہ انہیں برا نہیں لگا لیکن ان کی ٹوئٹ میں واضح نظر آرہا ہے کہ انہیں اس بات کا بہت برا لگا ہے کہ شعیب نے انہیں کوئی اہمیت نہیں دی اور بائیک پران کی جگہ شاداب خان کو بٹھالیا۔تاہم شعیب ملک کو اہلیہ کی ناراضگی بالکل بھی برداشت نہ ہوئی اورانہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جلدی تیارہوجاؤ میں آرہا ہوں۔