پیرس۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے روہن بوپنا نے اپنی ساتھی کینیڈا کی گیبریلا ڈابرووسکي کے ساتھ فرنچ اوپن کے مکسڈ ڈبلز کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ ہم وطن ثانیہ مرزا اور آئیون ڈوڈگ کی دوسری سیڈ جوڑی سے ہوگا۔بوپنا اور ڈابرووسکي کی ساتویں سیڈ جوڑی نے مکسڈ ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میچ میں فرانس کے کولی پاکے اور بینوئٹ پیئر کی غیر سیڈ جوڑی کو صرف 44 منٹ میں مسلسل سیٹوں میں 6۔3 ، 6۔2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ہند کینیڈین جوڑی نے یک طرفہ انداز میں یہ میچ جیت لیا۔انہوں نے دو ایسز لگائے اور کوئی ڈبل فالٹ نہیں کیا۔ساتویں سیڈ جوڑی نے ساتھ ہی آٹھ میں سے پانچ مرتبہ حریف جوڑی کی سروس بریک کی۔بوپنا اس سے پہلے مرد ڈبلز میں اروگوے کے پابلو کیوواس کے ساتھ تیسرے راؤنڈ میں ہار کر باہر ہو گئے تھے ۔