ثانیہ ، ہنگس جوڑی کو متواتر تیسرا ٹائٹل ، زبردست کارنامہ

نئی دہلی ، 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ثانیہ مرزا آج باقاعدہ طور پر ڈبلز ٹینس میں عالمی نمبر ایک کا درجہ پانے والی اولین ہندوستانی خاتون کھلاڑی بن گئیں جبکہ ویمنس ٹینس اسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) نے اپنی تازہ فہرست جاری کی۔ ہندوستانی اسٹار نے درجہ بندی میں تین مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 7660 پوائنٹس کے ساتھ اٹلی کی سارہ ایرانی (7640 پوائنٹس) کو ٹاپ پوزیشن سے ہٹا دیا۔ ثانیہ کی یہ ترقی چارلسٹن میں پارٹنر مارٹینا ہنگس کے ساتھ ڈبلیو ٹی اے فیملی سرکل میں اُن کی شاندار خطابی کامیابی کے پیش نظر ہوئی۔ ٹاپ سیڈ ہند۔ سوئس جوڑی نے کاسی ڈیلاکوا اور داریا جوراک کے چیلنج کو 6-0، 6-4 سے ہَوا کرتے ہوئے 731,000 امریکی ڈالر والا کلے کورٹ ایونٹ جیت لیا۔ ثانیہ کو اس جیت سے آفیشل لسٹ میں 470 پوائنٹس ملے۔ ثانیہ سے قبل صرف لینڈر پیس اور مہیش بھوپتی نے ٹاپ رینک حاصل کیا تھا جب وہ 1990ء کے دہے میں مینس ڈبلز سرکٹ میں غالب تھے۔ ثانیہ گرانڈ سلام ٹورنمنٹس جیتنے والی بھی ہندوستان کی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں۔ فیملی کپ ثانیہ کا ہنگس کے ساتھ تیسرا متواتر ٹائٹل ہے اور دونوں نے مارچ میں جوڑی بنانے کے بعد سے کوئی میچ نہیں ہارا ہے۔ انھوں نے انڈین ویلز میں ٹروفی جیتی، جو اُن کا ساتھ مل کر اولین ٹورنمنٹ رہا اور انھوں نے اس کے بعد میامی میں فتح درج کرائی۔ ثانیہ اور ہنگس نے تین ٹورنمنٹس میں مجموعی طور پر 14 میچز میں محض تین سٹس کھوئے ہیں۔ وہ پہلے ہی مسابقت برائے سنگاپور میں عالمی نمبر ایک ٹیم بن چکے ہیں، جو سیزن کا اختتامی ایونٹ ہے جہاں ٹاپ 8 ٹیمیں اختتام ِ سال پر مسابقت کرتی ہیں۔