نئی دہلی ۔ 22 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )لوک سبھا نے آج ٹینس اسٹارز ثانیہ مرزا ، لینڈر پیس اور سمیت ناگل اور گولف کھلاڑی شوبھم جگلان کو بین الاقوامی ٹورنمنٹس میں ملک کا نام روشن کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ جہاں ثانیہ ، پیس اور سمیت نے ومبلڈن میں خطابات جیتے ، وہیں شوبھم نے امریکہ میں جونیر ورلڈ گولف چمپین شپ جیتی ہے ۔ لوک سبھا اسپیکر سومترا مہاجن نے ایوان کے ارکان کی طرف سے تالیوں کی گونج کے درمیان کہا : ’’مجھے یقین ہے آپ تمام میرے ساتھ مل کر ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو ہندوستان کی طرف سے پہلی خاتون ٹینس کھلاڑی بننے پر مبارکباد پیش کریں گے جس نے 11 جولائی 2015 ء کو ومبلڈن ویمنس ڈبلز ٹائٹل جیتا ہے ۔ یہ ایوان لینڈر پیس کو بھی ومبلڈن مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیتنے اور 17 سالہ سمیت ناگل کو ومبلڈن جونیر ڈبلز ٹرافی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے ۔ اسپیکر نے 10 سالہ شوبھم کو بھی مبارکباد دی جس نے 17 جولائی کو امریکہ کے سان ڈیاگو میں جونیر ورلڈ گولف چمپین شپ جیتی ۔ انھوں نے کہاکہ یہ کارہائے نمایاں قومی افتخار کا باعث ہیں اور ہمارے تمام اُبھرتے اسپورٹس پرسنس کیلئے حوصلہ اور تحریک کا سبب بنیں گے ۔ ہم ثانیہ مرزا ، لینڈر پیس ، سمیت ناگل اور شوبھم جگلان کو مستقبل میں بھی اُن کی کاوشوں میں کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں ‘‘۔