ثانیہ۔ مارٹینا کی لگاتار تیسرے گرانڈ سلام فائنل میں رسائی

نئی دہلی؍ ملبرن ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) باوقار پدم بھوشن ایوارڈ کے حصول کنندگان میں خود کو شامل پانے کے ایک روز بعد ثانیہ مرزا نے آج آسٹریلین اوپن میں بدستور اپنا دبدبہ قائم رکھا۔ انڈین ٹینس اسٹار اور اُن پارٹنر مارٹینا ہنگس نے جولیا جارجس اور کیرولینا پلسکووا کو راڈ لیور اَرینا میں سیدھے سٹوں میں شکست دے کر اپنے لگاتار تیسرے ڈبلز گرانڈ سلام فائنل میں داخلہ پالیا۔ دوسرے ویمنس ڈبلز سیمی فائنل میں ہند۔ سوئس جوڑی نے محض اندرون گھنٹہ کا وقت لیا اور جرمن۔ چیک حریفوں کو 6-1، 6-0 سے بُری طرح شکست دی۔ ’Santina‘ کے نام سے معروف ٹاپ سیڈز نے اپنے حریفوں کو فرسٹ سٹ میں دو مرتبہ بریک کیا، جو 27 منٹ چلا اور پھر 13 ویں سیڈز کو سکنڈ سٹ میں روند ڈالا۔ وہ اب فائنل میں ساتویں سیڈز اینڈریا ہلاواکوا اور لوسی ہرادیکا سے کھیلیں گے۔ پوری طرح چیک جمہوریائی جوڑی نے دن میں قبل ازیں پہلے سیمی فائنل میں چینی حریفوں یی۔فان ژو اور سائسائی زینگ کو تین سٹوں میں 3-6، 6-3، 6-1 سے ہرایا۔ ثانیہ اور ہنگس اس سے قبل ومبلڈن اور یو ایس اوپن جیت چکی ہیں، جس کے بعد انھوں نے سیزن کے اختتامی ڈبلیو ٹی اے فائنلز بھی جیت کر 2015ء سرکٹ پر راج کیا۔