ت% 12 تحفظات کے فوائد تمام مسلمانوں سے مربوط، متحدہ جدوجہد ضروری

بی سی کمیشن کا قیام ناگزیر ، سداسیوپیٹ میں منعقدہ نشست سے جناب عامر علی خاں اور دیگر شخصیتوں کا خطاب

سنگاریڈی۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کل شام سداسیوپیٹ میں واقع خدمت بینک کا معائنہ کیا اور بعدازاں منعقدہ ایک نشست میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ نشست کا آغاز عبدالرشید سیٹھ کی تلاوت کلام پاک مع ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ جناب محمد اشفاق حسین لاہوٹی مینیجر خدمت بینک سداسیوپیٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں سود کا لینا اور دینا دونوں حرام ہیں چنانچہ عوام کو سود کے گناہ سے بچانے کیلئے اسلامی اُصولوں پر مبنی خدمت بینک قائم کیا گیا جو انتہائی کامیابی کے ساتھ کام کررہا ہے۔ سداسیوپیٹ جیسے چھوٹے مقام پر اسلامی بینکنگ کا کامیاب عملی تجربہ خدمت بینک کی صورت میں عوام کے سامنے موجود ہے۔ خدمت بینک سداسیوپیٹ کے قیام کے قلیل عرصہ میں ہی 700 اراکین نے بینک میں کھاتہ کھولا اور بینک کا سالانہ ٹرن اوور 7 کروڑ روپئے کا ہے جبکہ بینک کے ذریعہ سداسیوپیٹ کے اراکین تاجرین کو 3 کروڑ روپئے کا قرض دیا گیا۔ قرض کی وصولی 90% سے زائد ہے جو اس عمومی نظریہ کی نفی کرتا ہے کہ چھوٹے تاجرین اپنا قرض واپس نہیں کرتے۔ یہ نظریہ بالکل غلط ہے۔ جناب صمد ناز صدرایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو 12% تحفظات کی فراہمی وقت کا تقاضہ ہے۔ ادارہ سیاست کی جانب سے جناب عامر علی خاں کی صدارت میں شروع کردہ تحریک کو مضبوط کرتے ہوئے آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جناب اطہر محی الدین شاہد ناظم شعبہ نشر و اشاعت جماعت اسلامی سنگاریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی برائیوں کے خاتمہ اور بہتر و صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے جدوجہد کرنا ہمارا فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1985ء میں سنگاریڈی میں اسلامک ویلفیر سوسائٹی قائم کرتے ہوئے مسلمانوں کو سود کی لعنت سے پاک کرنے کی کوشش شروع کی گئی۔ اس میں آج 450 ممبر ہیں اور 28 لاکھ روپئے کا ٹرن اوور ہے۔ جناب سید عبدالرافع التمش بیسٹ سوشیل ورکر ایوارڈ یافتہ اور جنرل سیکریٹری ایجوکیشن ویلفیر سوسائٹی نے کہا کہ روزنامہ سیاست نے ہمیشہ سماجی پیغام کو عوام تک پہنچانے کو ترجیح دی ہے۔ مسلمانوں کو 12% تحفظات کی فراہمی کیلئے ادارہ سیاست کی تحریک اب عوامی تحریک میں تبدیل ہوچکی ہے۔ ہر جگہ عوام ٹی آر ایس حکومت سے اپنے وعدہ پر عمل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 12% مسلم تحفظات کی فراہمی کے مطالبہ پر 5 جنوری بروز منگل صبح 10 بجے سے ایم آر او آفس سداسیوپیٹ کے روبرو ایک روزہ بھوک ہڑتالی کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے جناب عامر علی خاں کو بھوک ہڑتالی کیمپ کا افتتاح کرنے کیلئے مدعو کیا۔ جناب عامر علی خاں نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کو 12% فوری حاصل ہوجائیں تو 25 ہزار مسلم طلباء کو فائدہ ہوگا جبکہ 18 ہزار مسلم نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں حاصل ہوں گی۔ تلنگانہ میں جملہ 5 لاکھ مسلم خاندان ہیں۔ اگر اس میں سے 18 ہزار خاندانوں کے بچوں کو سرکاری نوکریاں حاصل ہوئیں تو مسلم سماج کی تصویر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد مسلمان احساس کمتری کا شکار ہوکر تعلیمی طور پر پسماندہ ہوگیا۔ بابری مسجد سانحہ کے بعد مسلمانوں میں تعلیمی شعور جا گا۔ جبکہ گجرات فسادات کے بعد مسلمانوں میں بڑی تبدیلی آئی اور وہ یہ کہ مسلمان اپنے کام منظم انداز میں کرنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ 12% تحفظات کا معاملہ تمام مسلمانوں کا ہے چنانچہ ہم سب کو ایک ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ایسا ہوا تو تحریک کی دوہری کامیابی ہوگی۔ ایک جانب تحفظات کا حصول تو دوسری جانب مسلمانوں کا آپسی اتحاد پیدا ہوگا۔ 12% مسلم تحفظات کیلئے بی سی کمیشن کے قیام کو ازحد ضروری قرار دیا۔ جناب محمد امجد حسین ناظم جماعت اسلامی ضلع میدک نے کہا کہ نبی کریم ؐ نے کلمہ کی بنیاد پر ساری انسانیت کو یکجا کرنے کا عظیم کام کیا۔ جب تک ہم متحد رہے ،  ساری دنیا پر غالب رہے۔ جیسے ہی ہم میں اختلاف اور انتشار پیدا ہوا، بتدریج زوال پذیر ہوگئے چنانچہ ہماری صفوں میں اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے روزنامہ سیاست کی ستائش کرتے ہوئے تازہ ترین خبریں پہنچانے والا قرار دیا اور کہا کہ اسی وجہ سے وہ گزشتہ 25 سال سے سیاست کے قاری ہیں۔ محمد شکیب نے نظامت کی اور محمد حاجی صدر پریس کلب سداسیو پیٹ نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر محمد مخدوم علی امیر مقامی جماعت اسلامی، محمد عبدالرؤف، محمد امتیاز پٹیل، شہاب الدین، رحمت علی، ثناء اللہ، خلیل، قدیر اور دیگر موجود تھے۔