تیونس کا سعودی پالیسی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

تیونس۔ 30 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) تیونس نے سعودی عرب کی پالیسی کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ  ہمارے پاس سعودی عرب کی پالیسیوں کی حمایت کے سوا کوئی چارہ باقی نہیں ہے۔ عرب ممالک کو آپس میں مذاکرات اور بات چیت کے کلچر کو پروان چڑھانا ہوگا۔ عرب میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں تیونس کے صدر الباجی قائد السبسی نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو اپنا جانشین نہیں بنائیں گے ۔ انہوں نے تیونس کی موجودہ سیاسی اور امن وامان کی صورتحال، علاقائی مسائل اور عالمی موضوعات پر بھی اپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کو ماضی کی نسبت موجودہ وقت میں جیو پولیٹیکل تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے سرعت اور لچک کا مظاہرہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ قائد السبسی کا کہنا تھا کہ ’’ہم عرب ہونے کی حیثیت سے مشترکہ مستقبل کا اصولی مطالبہ کرتے ہیں۔ علاقے کے مستقبل کیلئے عرب ممالک کو آپس میں مذاکرات اور بات چیت کے کلچر کو پروان چڑھانا ہوگا۔ خلیج اور مشرق وسطی اور افریقہ کی عرب اقوام اور حکومتیں اپنے ہاں امن استحکام مل جل کر کام کریں۔ تیونسی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں سعودی عرب دہشت گردی کا سب سے زیادہ نشانہ ہے۔