تیواری آؤٹ ، ہوڈا اِن

چندی گڑھ ۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )اپوزیشن انڈین نیشنل لوک دل (INLD) نے آج الزام عائد کیا کہ ہریانہ چیف منسٹر بھوپندر سنگھ ہوڈا نے غیرقانونی طورپر دوسری شادی بھی کی ہے اور اُن کا ایک نوجوان بیٹا بھی ہے لہذا اس بنیاد پر بھوپندر سنگھ کو فوری طورپر مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ اخباری نمائندو ں سے خطاب کرتے ہوئے آئی این ایل ڈی جنرل سکریٹری ابھے سنگھ چوٹالا نے کہا کہ 1992 ء میں بھوپندر سنگھ نے دہرہ دون کی ایک خاتون سے شادی شدہ ہونے کے باوجود دوسری شادی کرلی تھی ۔ یہ ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے ۔ کانگریس ہائی کمان کو نہ صرف اُنھیں وزیراعلیٰ کے عہدہ سے برخاست کرنا چاہئے بلکہ پارٹی سے بھی خارج کردینا چاہئے ۔ ابھے سنگھ نے ادعا کیا کہ مذکورہ خاتون نے گزشتہ سال ڈسمبر میں دہرہ دون کی ایک عدالت کو بتایا تھا کہ بھوپندر سنگھ ہوڈا سے اُس کی شادی ہوئی ہے جس سے انھیں ایک بیٹا بھی ہے ۔ ابھے سنگھ نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں خاتون نے عدالت میں ایک حلف نامہ بھی داخل کیا ہے جس میں خاتون نے ہوڈا پر اُس کے ساتھ دھوکہ بازی کا الزام عائد کیا ہے ۔لہذا اس معاملہ کی گہرائی سے جانچ پڑتال ہونی چاہئے ۔ ہوڈا کو وزارت اعلیٰ کے عہدہ سے دستبردار ہوجانا چاہئے اور تحقیقات شفاف اور آزادانہ طریقہ سے ہونی چاہئے ۔ دریں اثناء کانگریس لیڈر بی بی بترا نے ہوڈا کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آئی این ایل ڈی نے جو بھی الزامات عائد کئے ہیں وہ بے بنیاداور اُن کی شبیہ خراب کرنے کی نیت سے عائد کئے گئے ہیں۔